اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے جانے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی واپسی یقینی بنانے اور بیرون ملک قیام (سلپ ہونے) کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ نے نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کے لیے لازمی شورٹی بانڈ کی رقم 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کر دی …
پاکستان سپورٹس بورڈ کا بڑا فیصلہ، شورٹی بانڈز کی رقم بڑھا کر 25 لاکھ روپے کر دی
اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے جانے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی واپسی یقینی بنانے اور بیرون ملک قیام (سلپ ہونے) کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ نے نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کے لیے لازمی شورٹی بانڈ کی رقم 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کر دی ہے۔
پاکستان سپورٹس بورڈ کے 35ویں اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی روشنی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرنیشنل فیڈریشن ون محمد وقار احمدکی جانب سے باقاعدہ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے فیڈریشنز کو فی ایونٹ 10 لاکھ روپے کا بانڈ جمع کروانا پڑتا تھا۔اب ہر بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت سے قبل 25 لاکھ روپے (2.50 ملین) کا ضمانتی بانڈ جمع کروانا لازمی ہوگا۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر تمام آئندہ بین الاقوامی دوروں پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ حالیہ برسوں میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کے بیرون ملک جانے کے بعد واپس نہ آنے کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان واقعات کے نتیجے میں پاکستان کی سپورٹس گورننس کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
سفارتی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی ہے۔انہی وجوہات کی بناء پرغیر ملکی سفارت خانوں نے کھلاڑیوں کے لیے ویزا سکروٹنی کے عمل کو مزید سخت کر دیا ہے، جس سے کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔پاکستان سپورٹس بورڈ نے تمام نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کے صدور اور سیکرٹری جنرلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ 27 ستمبر 2024 کو جاری کردہ گائیڈ لائنز (این او سی اور ٹرائلز کے طریقہ کار) کے سیکشن ‘اینکس ڈی’ میں ترمیم کر لیں اور اب سے 10 لاکھ کی جگہ 25 لاکھ روپے کے بانڈ کی تعمیل کو یقینی بنائیں۔بورڈ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کھلاڑیوں کی واپسی کو یقینی بنانا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے وقار کو بحال کرنا ہے۔









