اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان صحت کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب گامزن ہے ،ویکسین سازی میں خود کفالت کے قومی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ ویکسین کی مقامی تیاری کے حوالے سے سعودی عرب کا 11رکنی اعلیٰ سطحی وفد …
پاکستان صحت کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب تیزی سے گامزن ہے ، وفاقی وزیر صحت

مزید خبریں
اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان صحت کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب گامزن ہے ،ویکسین سازی میں خود کفالت کے قومی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ ویکسین کی مقامی تیاری کے حوالے سے سعودی عرب کا 11رکنی اعلیٰ سطحی وفد (آج )پیر کو پاکستان پہنچ گیا۔
یہ پیشرفت وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی گزشتہ سات ماہ پر محیط مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے۔یاد رہے کہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ اب تک تین اہم ملاقاتیں ہو چکی ہیں جن میں ویکسین کی مقامی تیاری، سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون جیسے کلیدی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ویکسین کی مقامی تیاری کے حوالے سےمصطفیٰ کمال کی سعودی عرب کے وزیرِ صنعت کے ساتھ بھی ملاقات ہو چکی ہے جس میں ویکسین مینوفیکچرنگ، فارماسیوٹیکل انڈسٹری اور صنعتی اشتراک کے شعبوں میں نمایاں پیشرفت ہوئی۔ان ملاقاتوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کی جانب سے فوکل پرسنز مقرر کئے گئے۔
پاکستان کی طرف سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ ڈاکٹر عبید کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا جبکہ سعودی عرب کی جانب سے وزارتِ صنعت کے سینئر ایڈوائزر نزار الحریری (Nizar Y. Al-Hariri) کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا۔اسی تسلسل میں پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سعودی وزارتِ صنعت کے ایڈوائزر کے درمیان اب تک چھ تفصیلی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے مطابق اعلیٰ سطحی سعودی وفد کا یہ دورہ ویکسین کی مقامی تیاری کے عمل کو عملی شکل دینے کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری نہ صرف ملکی ضروریات کو پورا کرے گی بلکہ اضافی پیداوار کے ذریعے برآمدات کو فروغ دے کر قومی معیشت کو بھی مستحکم کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری ویکسین کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔







