ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی، جنگ بندی کی کوششوں سمیت امریکہ اور ایران کے درمیان استحکام کی وسیع تر کوششوں کی حمایت میں تعمیری سفارتی کوششیں جاری ہیں، گزشتہ دو ہفتوں میں واشنگٹن اور تہران کے ساتھ ہماری مسلسل بات چیت برقرار رہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کیا۔
پاکستان علاقائی استحکام اور بین الاقوامی امن کےلئے پرعزم ہے، ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی کی پریس بریفنگ

مزید خبریں
اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی، جنگ بندی کی کوششوں سمیت امریکہ اور ایران کے درمیان استحکام کی وسیع تر کوششوں کی حمایت میں تعمیری سفارتی کوششیں جاری ہیں، گزشتہ دو ہفتوں میں واشنگٹن اور تہران کے ساتھ ہماری مسلسل بات چیت برقرار رہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان علاقائی استحکام اور بین الاقوامی امن کےلئے پرعزم ہے جو پیچیدہ جغرافیائی سیاسی چیلنجز سے نمٹنے اور پیچیدہ تنازعات کے انتظام کےلئے اصولی اور مذاکرات پر مبنی سفارت کاری کی ہماری ترجیح کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ساتھ ساتھ چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی فعال شمولیت سے پاکستان نے متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطے کے کھلے ذرائع کو برقرار رکھا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے ساتھ 19 اپریل کو ٹیلی فون پر بات چیت کی، وزیراعظم نے ایرانی صدر کو سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کی قیادت سمیت متعدد عالمی رہنمائوں کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقاتوں سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے اس ہفتے تہران کے بعد کے دورہ کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ تعمیری بات چیت پر ایرانی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دوستوں اور شراکت داروں کی حمایت سے پاکستان علاقائی امن و سلامتی کو آگے بڑھانے کی خاطر اپنی دیانتدارانہ اور مخلصانہ کوششوں کےلئے پوری طرح پرعزم رہے گا۔ وزیراعظم نے ایرانی قیادت کا اس بات پر بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تہران کے دورے کے دوران تعمیری بات چیت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو گزشتہ دنوں یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کی جانب سے بھی ٹیلیفون کال موصول ہوئی، دونوں رہنمائوں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے انتونیو کوسٹا کو پاکستان کی سفارتی کوششوں اور امن کےلئے جاری اقدامات سے متعلق تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 25 اپریل کو وزیراعظم نے ایرانی صدر پیزشکیان کے ساتھ ایک بار پھر ٹیلیفونک گفتگو کی، دونوں رہنمائوں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام کے فروغ کےلئے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔








