اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے سابق فیفا ریفری احمد جان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ احمد جان طویل علالت کے بعد 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ احمد جان پاکستان کی فٹ بال برادری میں ایک محبوب شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک نہ صرف ریفری کی حیثیت سے خدمات انجام دیں …
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا سابق فیفا ریفری احمد جان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے سابق فیفا ریفری احمد جان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ احمد جان طویل علالت کے بعد 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ احمد جان پاکستان کی فٹ بال برادری میں ایک محبوب شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔
انہوں نے کئی دہائیوں تک نہ صرف ریفری کی حیثیت سے خدمات انجام دیں بلکہ فٹ بال کے تنظیمی و ترقیاتی شعبوں میں بھی اہم کردار ادا کیا، خصوصاً نچلی سطح پر کھیل کے فروغ کے لیے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احمد جان محض ایک ریفری نہیں، بلکہ ہماری فٹ بال کمیونٹی کے ایک مضبوط ستون تھے، کھیل سے ان کی عمر بھر کی وابستگی اور پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کے لیے ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔
قائم مقام سیکرٹری جنرل محمد شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ احمد جان کی بطور ریفری اور منتظم خدمات آج بھی ہمارے کھلاڑیوں، کوچز اور فٹ بال کے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں، ان کا اثر پاکستان میں کھیل کی دنیا پر نہایت گہرا ہے اور ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔








