وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قازقستان کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ علاقائی رابطوں کو فروغ دینے، تجارتی روابط بڑھانے اور توانائی، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
پاکستان قازقستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے وزیر اعظم شہباز شریف کی قازق سفیر سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قازقستان کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ علاقائی رابطوں کو فروغ دینے، تجارتی روابط بڑھانے اور توانائی، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے قازقستان کے پاکستان میں سفیر یرژان کستافین نے اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل ہونے پر پیر کو وزیراعظم ہائوس میں الوداعی ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے قازق سفیر کی ان کے دور سفارت کے دوران پاکستان اور قازقستان کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم خدمات کو سراہا۔وزیراعظم نے بالخصوص فروری 2026ء میں قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کے دورہ پاکستان کو کامیاب بنانے میں سفیر کے کردار کو سراہا جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات سٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک پہنچے۔ وزیراعظم نے صدر توقایف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے علاقائی رابطوں کو فروغ دینے، تجارت کے روابط بڑھانے اور توانائی، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔قازقستان کے سفیر یرژان کستافین نے اپنے دور سفارت کے دوران تعاون اور معاونت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سٹریٹجک شراکت داری کے تحت پاکستان اور قازقستان کے تعلقات میں مزید پیش رفت جاری رہے گی۔ وزیراعظم نے قازق سفیر کے لیے ان کی آئندہ ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔







