پاکستان مصر کے ساتھ تجارت ‘دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں روابط کو وسعت دینے کا خواہاں ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی مصر کے سفیر احمد فضل محمد یعقوب سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان مصر کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے دوران تجارت ‘دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں روابط کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں پاکستان میں مصر کے سفیر احمد فضل محمد یعقوب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے صدر مملکت سے الوداعی ملاقات کی۔ صدرمملکت نے دونوں ممالک کے دوران اعلیٰ سطح کے دوروں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی پر مصر کے موقف کو سراہا۔ صدر مملکت نے اقوام متحدہ ‘ او آئی سی اور ڈی ایٹ جیسے بین الاقوامی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر نے دونوں برادر ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات میں بہتری لانے کے لئے سبکدوش ہونے والے سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔