پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں میں داخلوں کے لیے منعقد ہونے والا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ رواں سال 16 اگست 2026 کو ہوگا۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ایم ڈی کیٹ 2026 کا شیڈول جاری کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں میں داخلوں کے لیے منعقد ہونے والا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ رواں سال 16 اگست 2026 کو ہوگا۔پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ اتوار 16 اگست 2026 کو صبح 10 بجے ملک بھر میں بیک وقت منعقد کیا جائے گا۔ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے مختلف صوبوں اور علاقوں میں درج ذیل جامعات کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔پنجاب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، سندھ میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی ، خیبر پختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی،بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز ،اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے امیدواروں کے لیے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی ،سعودی عرب کے شہر ریاض میں امتحان دینے والے امیدواروں کے لیے بھی ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی کے جاری کردہ پبلک نوٹس کے مطابق امیدواروں کی آن لائن رجسٹریشن 22 جون 2026 سے شروع ہوگی، جبکہ معمول کی فیس کے ساتھ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 8 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے۔تاخیر سے رجسٹریشن 13 جولائی 2026 تک کرائی جا سکے گی۔پاکستان میں قائم ٹیسٹ سینٹرز کے لیے رجسٹریشن فیس 9,000 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ لیٹ رجسٹریشن فیس 13,000 روپے ہوگی۔بین الاقوامی ٹیسٹ سینٹرز کے لیے رجسٹریشن فیس 45,000 روپے جبکہ لیٹ رجسٹریشن فیس 55,000 روپے مقرر کی گئی ہے۔پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ تمام فیسیں ناقابل واپسی اور ناقابل منتقلی ہوں گی۔کونسل نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور مزید معلومات کے لیے متعلقہ جامعات کی ویب سائٹس سے مسلسل رابطے میں رہیں۔








