خیبر پختونخوا حکومت یکم جولائی 2026 سے قبل 15اضلاع کے مطلوبہ نقشہ جات و دیگر ڈیٹاالیکشن کمیشن کو مہیا کرے، الیکشن کمیشن

خیبر پختونخوا حکومت یکم جولائی 2026 سے قبل 15اضلاع کے مطلوبہ نقشہ جات و دیگر ڈیٹاالیکشن کمیشن کو مہیا کرے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت کو ہدایت کی ہے کہ یکم جولائی 2026 سے قبل 15اضلاع کے مطلوبہ نقشہ جات و دیگر ڈیٹاالیکشن کمیشن کو مہیا کرے، یکم جولائی 2026کو اس کیس کی سماعت کمیشن میں ہوگی۔منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس وفاقی دارالخلافہ اسلام آباد، صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق ہوا۔اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن،سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

الیکشن کمیشن نے غور خوض کے بعد مذکورہ بالا بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے فیصلے کئے گئے جس کے تحت خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے ضروری نقشہ جات اور دیگر ڈیٹا الیکشن کمیشن کو مہیا نہ کرنے پر کمیشن نے آئین کے آرٹیکل220 کے تحت چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا کہ وہ یکم جولائی 2026 سے قبل 15اضلاع کے مطلوبہ نقشہ جات و دیگر ڈیٹاالیکشن کمیشن کو مہیا کریں۔

یکم جولائی 2026کو اس کیس کی سماعت کمیشن میں ہوگی جس کیلئے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کوذاتی حیثیت میں پیش ہونے کیلئے نوٹس جاری کیے جارہے ہیں۔اسلام آبادمیں حلقہ بندی اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے ٹائون کارپوریشنز کی حدود، ہر ٹائون کارپوریشن میں یونین کونسلوں کی تعداد کے نوٹیفکیشن سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا گیا تھا کہ کیس وفاقی کابینہ کی منظوری کیلئے بھیج دیا گیا ہے

لیکن تاحال نہ تو الیکشن کمیشن کو نوٹیفکیشنز مہیا کیے گئے اور نہ ہی نقشہ جات لہذا اس کیس کو بھی یکم جولائی 2026کو سماعت کیلئے مقرر کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو نوٹس جاری کیے جارہے ہیں۔الیکشن کمیشن نے دفتر کو ہدایات جاری کیں کہ صوبہ پنجاب میں جونہی حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوتا ہے تو الیکشن کے شیڈول کے اعلان کیلئے تمام ضروری تیاریاں بروقت مکمل کی جائیں تاکہ بلدیاتی الیکشن کا شیڈول دیا جاسکے۔