ایبٹ آباد،محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی و ٹریفک پلان مکمل،3000 پولیس اہلکار تعینات

ایبٹ آباد،محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی و ٹریفک پلان مکمل،3000 پولیس اہلکار تعینات

ایبٹ آباد۔ 23 جون (اے پی پی):ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد محمد اشتیاق احمد نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت کے لیے جامع سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز،امن کمیٹیوں،علمائے کرام اور متعلقہ اداروں کے ساتھ متعدد اجلاس منعقد کئے گئے ہیں تاکہ ایک مربوط اور موثر حکمت عملی وضع کی جا سکے،ایس ایس پی ٹریفک کے مطابق محرم کے دوران جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ روٹس پہلے سے طے کر دیے گئے ہیں،

ضلع بھر میں تقریبا 3000 پولیس اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دیں گے،انہوں نے بتایا کہ ایبٹ آباد میں 10 محرم اور حویلیاں میں 11 محرم کو بڑے جلوس منعقد ہوں گے جن کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے،شہر میں جلوس مرکزی شاہراہ کے بجائے مخصوص بازاروں تک محدود رہیں گے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستے بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ ایس ایس پی ٹریفک نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں،ٹریفک ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔