پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا اجلاس پی ایچ سی اور یو ایچ سی کے حصول میں پیشرفت کے لئے فیملی میڈیسن کے سٹریٹجک کردار کا جائزہ

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا اجلاس پی ایچ سی اور یو ایچ سی کے حصول میں پیشرفت کے لئے فیملی میڈیسن کے سٹریٹجک کردار کا جائزہ

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی ) نے جمعرات کو ایک اجلاس منعقد کیا جس میں بنیادی صحت کی دیکھ بھال (پرائمری ہیلتھ کیئر ۔پی ایچ سی )کو مضبوط بنانے اور پاکستان کی یونیورسل ہیلتھ کوریج (یو ایچ سی )کے حصول میں پیشرفت کے لئے فیملی میڈیسن کے سٹریٹجک کردار کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کی صدارت صدر پی ایم اینڈ ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کی جبکہ رجسٹرار پی ایم اینڈ ڈی سی ڈاکٹر ریحان نقوی سمیت عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندے جن میں ڈاکٹر سائرہ طارق (ڈبلیو ایچ او کنسلٹنٹ) اور ڈاکٹر نوید اصغر (ٹیم لیڈ، ہیلتھ سسٹم ڈویلپمنٹ، ڈبلیو ایچ او پاکستان) شامل تھے۔ اجلاس میں شریک ہوئے۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو درپیش بدلتے ہوئے صحت کے چیلنجز، جن میں غیر متعدی امراض، ذہنی صحت کے مسائل، ماں اور بچے کی صحت کی ضروریات اور بڑھتی عمر کی آبادی سے متعلق صحت کے تقاضے شامل ہیں، سے نمٹنے کے لئے فیملی میڈیسن کی اہمیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔کمیٹی نے پی ایم اینڈ ڈی سی کونسل کی بحالی کے بعد پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی قیادت میں متعارف کرائی گئی اہم اصلاحات کا جائزہ لیا۔

ان اقدامات میں میڈیکل کالجوں میں خاندانی طب کے شعبوں کا قیام لازمی قرار دینا اور اس کے لئے تدریسی عملے کی مخصوص ضروریات کو ایکریڈیٹیشن معیارات کا حصہ بنانا، انڈرگریجویٹ میڈیکل نصاب میں خاندانی طب کے 75 تدریسی گھنٹے شامل کرنا، تمام اداروں کے لئے تین آؤٹ ریچ مراکز قائم کرنے کی شرط عائد کرنا، اور بنیادی صحت کی دیکھ بھال اور کمیونٹی سطح پر خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے کے لئے تین سالہ اختیاری ہاؤس جاب روٹیشن پروگرام متعارف کرانا شامل ہیں۔یہ تاریخی اقدامات اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ پی ایم اینڈ ڈی سی ایک ایسے طبی افرادی قوت کی تشکیل کے لئے پُرعزم ہے جو کمیونٹی کی سطح پر جامع، مسلسل اور مریض مرکز نگہداشت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔صدر پی ایم اینڈ ڈی سی نے خاندانی طب کے فروغ اور ملک بھر میں بنیادی صحت کی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے اس بات پر زور دیا کہ خاندانی طب دنیا بھر میں مؤثر، منصفانہ اور عوامی ضروریات پر مبنی صحت کے نظام کا بنیادی ستون ہے۔

انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی قیادت اور خدمات کو سراہتے ہوئے پاکستان کے طبی تعلیمی اور صحت کے نظام میں فیملی میڈیسن کو ادارہ جاتی سطح پر مستحکم کرنے کے لئے پی ایم اینڈ ڈی سی کی فعال اصلاحات کی بھی بھرپور تعریف کی۔صحت کے شعبے میں اعلیٰ معیار کے فروغ کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، صدر پی ایم اینڈ ڈی سی نے کہا کہ خاندانی طب کا استحکام پاکستان کے لئے ایک قابل رسائی، منصفانہ اور مضبوط صحت کے نظام کی تعمیر کے لئے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔اجلاس کا اختتام اس مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا کہ پی ایم اینڈ ڈی سی، عالمی ادارہ صحت اور دیگر متعلقہ فریقین مل کر فیملی میڈیسن کے فروغ اور ملک بھر میں بنیادی صحت کی خدمات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

 

مزید خبریں