وزیراعظم یوتھ پروگرام، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹک)، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور اے آئی سکل برج نے قومی سطح پر ایک مربوط پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت100 جامعات میں 6,000 طلبہ کو مصنوعی ذہانت (اے آئی)کی تربیت فراہم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
پاکستان میں اے سی ٹی اے آئی کے آغاز ، 100 جامعات میں 6,000 طلبہ کو اے آئی تربیت فراہم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹک)، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور اے آئی سکل برج نے قومی سطح پر ایک مربوط پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت100 جامعات میں 6,000 طلبہ کو مصنوعی ذہانت (اے آئی)کی تربیت فراہم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ بدھ کو وزیر اعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی جانب ایک اہم اور فیصلہ کن پیش رفت کے طور پر وزیراعظم آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کی۔ اجلاس کے دوران ACT AI Initiative — Awareness, Competency & Tools Training for Artificial Intelligence کے آغاز کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
ایم او یو کے تحت وزیراعظم یوتھ پروگرام، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور اے آئی سکل برج (جو اے ایکس آئی ٹیکنالوجی کی ذیلی کمپنی ہے)باہمی اشتراک سے پاکستان میں مصنوعی ذہانت کی تعلیم اور مہارتوں کے فروغ کے لیے قومی سطح پر ایک مربوط پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ تشکیل دے رہے ہیں۔یہ معاہدہ اے سی ٹی اے آئی کو پاکستان کا پہلا قومی سطح پر مربوط، یونیورسٹی لیول اے آئی سکلز پروگرام قرار دیتا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو عالمی ڈیجیٹل معیشت کے تقاضوں کے مطابق جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔اس شراکت داری کے تحت ملک بھر کی تقریباً 100 جامعات میں 6,000 طلبہ کو تربیت فراہم کی جائے گی، جس میں چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تعلیمی ادارے بھی شامل ہوں گے۔اس موقع پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہاکہ پاکستان کا نوجوان ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے اور مصنوعی ذہانت مستقبل کی مہارتوں اور عالمی مقابلے کا میدان ہے۔
اے سی ٹی اے آئی کے ذریعے ہم صرف اے آئی تعلیم متعارف نہیں کروا رہے بلکہ ایک قومی سطح کی ٹیلنٹ پائپ لائن تیار کر رہے ہیں جو ہمارے طلبہ کو عالمی سطح پر مقابلے، مقامی سطح پر جدت اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گی۔ یہ منصوبہ وزیراعظم کے وژن کی عکاسی ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو مستقبل کی مہارتوں سے بااختیار بنانا اور ہر صوبے و خطے کو چوتھے صنعتی انقلاب کے مواقع سے یکساں طور پر مستفید کرنا ہے۔پروگرام پر عملدرآمداے آئی سکل برج کی جانب سے کیا جائے گا جبکہ اے ایکس آئی ٹیکنالوجیزاس کی معاونت کرے گی اور نصاب کی تیاری، تربیت کی فراہمی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، طلبہ کے ڈیٹا مینجمنٹ اور قومی سطح پر رابطہ کاری سمیت تمام مراحل کی نگرانی کرے گی۔اے سی ٹی اے آئی آٹھ ہفتوں پر مشتمل ایک جامع، عملی اور قابلیت پر مبنی پروگرام ہے جس میں جنریٹواے آئی،ایجنٹک اے آئی،اے آئی سسٹم،آٹومیشن اور مختلف شعبوں میں اے آئی کے عملی اطلاق سے متعلق مہارتیں شامل ہوں گی۔
یہ تربیت ایچ ای سی کے سمارٹ کلاس روم نیٹ ورک کے ذریعے اسلام آباد سے براہ راست سیشنز کی صورت میں ملک بھر کی جامعات تک یکساں معیار کے ساتھ فراہم کی جائے گی۔یہ پروگرام چار بنیادی ستونوں پر مشتمل ہے جن میں فاؤنڈیشنز آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس،مختلف شعبوں میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال، معاشی خودمختاری کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس،مستقبل کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور قومی تیاری شامل ہیں۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو اے آئی سے متعلق روزگار، فری لانسنگ، انٹرپرینیورشپ اور عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں موثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔یہ تربیت مکمل طور پر مفت ہوگی اور شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے 50/50 صنفی تناسب کو ترجیح دی جائے گی جبکہ کمپیوٹر سائنس کے علاوہ دیگر تعلیمی پس منظر رکھنے والے طلبہ کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
شراکت داری کے تحت نیوٹک قومی سطح پر اس منصوبے کی توثیق اور وفاقی سکل ڈویلپمنٹ ترجیحات سے ہم آہنگی کو یقینی بنائے گا جبکہ ایچ ای سی اپنی جامعات اور سمارٹ کلاس روم انفراسٹرکچر کے ذریعے ادارہ جاتی رسائی فراہم کرے گا۔ اے آئی سکل برج پروگرام کے نفاذ اور تربیت کی فراہمی میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔یہ اقدام پاکستان کی مصنوعی ذہانت قومی پالیسی 2025اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے وژن کے مطابق پاکستان کی نالج اکانومی کو مضبوط بنانے اور مستقبل کے لیے تیار ورک فورس تشکیل دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ایم او یو پر دستخط کے بعد پروگرام باقاعدہ طور پر عملی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ ملک بھر میں جامعات کے فوکل پرسنز کو فعال کر دیا گیا ہے جبکہ طلبہ کی رجسٹریشن کا عمل actai.aiskillbridge.pk پر جاری ہے۔پروگرام کے آغاز کو باضابطہ طور پر لانچ کرنے کے لیے جلد قومی سطح پر ایک تقریب منعقد کی جائے گی جبکہ پہلا مرحلہ آئندہ چند ہفتوں میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ بعد ازاں یہ پروگرام ہر دو ماہ بعد نئے سائیکلز کے تحت جاری رہے گا تاکہ ملک بھر میں مسلسل اور پائیدار اثرات مرتب کیے جا سکیں۔








