پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی، صنعتی شعبے اور خصوصی اقتصادی زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع تیزی سے بڑھ رہے ہیں،وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری کی برطانیہ چین فنڈ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی، صنعتی شعبے اور خصوصی اقتصادی زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع تیزی سے بڑھ رہے ہیں

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی، صنعتی شعبے اور خصوصی اقتصادی زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع تیزی سے بڑھ رہے ہیں، عالمی سرمایہ کار پاکستان کی ابھرتی ہوئی معاشی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات برطانیہ چین فنڈ کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور صنعتی تعاون سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفد نے پاکستان میں ٹیکنالوجی پارکس، پاکستان اسٹیل ملز، لیتھیم ٹیکنالوجی، کراچی میں صنعتی سرمایہ کاری اور جدید مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان کمپیوٹر چپ پیکیجنگ، سیمی کنڈکٹرز اور گرین انرجی چارجرز کی تیاری کے لیے ایک موزوں اور پرکشش سرمایہ کاری کی منزل بن سکتا ہے۔ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ہے اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی ترقی کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر بورڈ آف انویسٹمنٹ نے سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے، کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مو¿ثر سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔