پاکستان میں جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی اور عوام کے حقِ حکمرانی کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 5 جولائی 1977 کو پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز ایک منتخب عوامی حکومت کا تختہ الٹ کر آئین، جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ کو پامال کیا گیا۔

پشاور۔ 05 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 5 جولائی 1977 کو پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز ایک منتخب عوامی حکومت کا تختہ الٹ کر آئین، جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ کو پامال کیا گیا۔ گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ دن ہر سال "یومِ سیاہ” کے طور پر اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان میں جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی اور عوام کے حقِ حکمرانی کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین، مضبوط خارجہ پالیسی اور عوامی حقوق کا شعور دیا جبکہ آمریت نے ملکی جمہوری ارتقا کو شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں آمریت کے خلاف جدوجہد کی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے بے شمار قربانیاں دیں۔ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے موقع پر صدر زرداری نے پاکستان کھپے کا تاریخی نعرہ لگایا، بھٹو شہید کے مشن کا وارث چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج بھی جمہوریت کی بالادستی، عوامی ترقی کےلیے جمہوری استحکام اور ’’جمہوریت بہترین انتقام‘‘ پر یقین رکھتے ہوئے جہد مسلسل کررہے ہیں۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ آئین، پارلیمان اور عوامی رائے کا احترام ہی پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور جمہوریت کےلیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام کارکنوں کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آئین کی سربلندی، جمہوریت کے استحکام اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھے گی۔