کانگو میں ایبولا سے اموات 500 کے قریب پہنچ گئیں

جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کی حالیہ وبا مسلسل پھیل رہی ہے جہاں اب تک 1528 تصدیق شدہ کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 492 ہو گئی ہے۔

کنشاسا۔5جولائی (اے پی پی):جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کی حالیہ وبا مسلسل پھیل رہی ہے جہاں اب تک 1528 تصدیق شدہ کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 492 ہو گئی ہے۔ شنہوا کے مطابق ڈی آر کانگو کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اب تک 239 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 628 تصدیق شدہ مریض اس وقت آئسولیشن یا ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، اس کے علاوہ 185 مشتبہ کیسز کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہفتہ وار بنیاد پر تصدیق شدہ کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور 2 ہفتوں کے دوران 300 سے زائد کیسز ریکارڈ کیے گئے جو اب تک کی بلند ترین تعداد ہے۔ یہ صورتحال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ وائرس کی مقامی سطح پر منتقلی بدستور جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق وبا پر قابو پانے کی راہ میں کئی بڑے چیلنجز درپیش ہیں، جن میں تدفین کے بعد نمونے لینے میں بعض مقامی آبادی کی مزاحمت، ایبولا علاج مراکز کی محدود استعداد، خصوصاً مشرقی صوبے نارتھ کیوو میں سہولیات کی کمی، متاثرہ افراد کے رابطوں کی مؤثر نگرانی میں مشکلات، لیبارٹری تشخیص میں تاخیر، طبی اور انفیکشن سے بچاؤ کے سامان کی قلت، بعض متاثرہ علاقوں میں سکیورٹی کی خراب صورتحال اور رسائی میں رکاوٹیں شامل ہیں۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے بتایا کہ ڈی آر کانگو میں ایک کلینیکل آزمائش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس میں بُنڈی بُگیو وائرس سے پیدا ہونے والے ایبولا کے ممکنہ علاج کا جائزہ لیا جائے گا، اس وائرس کے خلاف فی الحال نہ کوئی منظور شدہ ویکسین موجود ہے اور نہ ہی کوئی مخصوص علاج دستیاب ہے۔