پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر کی علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے سارک چیمبر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد ۔ 25 اگست (اے پی پی) پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجے و کرم نے سارک سے منسلک اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ادارے ممبر ممالک کے درمیان سیاسی اختلافات کو ختم کرنے اور علاقائی انضمام کے بنیادی مقصد کو زندہ رکھنے کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات صدر سارک چیمبر آف …

اسلام آباد ۔ 25 اگست (اے پی پی) پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجے و کرم نے سارک سے منسلک اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ادارے ممبر ممالک کے درمیان سیاسی اختلافات کو ختم کرنے اور علاقائی انضمام کے بنیادی مقصد کو زندہ رکھنے کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات صدر سارک چیمبر آف کامرس افتخار علی ملک، سینیٹر مشاہد حسین سید ، نائب صدر سارک چیمبر پاکستان چیپٹر سینیٹر حاجی غلام علی ، ممبر ایگزیکٹو کمیٹی زبیر احمد ملک اور قائم مقام سیکرٹری جنرل سارک چیمبر ذوالفقار علی بٹ پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو ہائی کمشنر سے ملاقات کی۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ علاقائی تعاون کے اس انتہائی کم سطح کے سیاسی ماحول میں جبکہ 20 واں سارک سربراہ اجلاس پانچویں سال بھی معطل ہے ، سارک سے منسلک تنظیمیں اور ذیلی کمیٹیاں سارک کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے افتخار علی ملک کو سارک چیمبر کا صدر، سینیٹر حاجی غلام علی کو نائب صدر اور زبیر ملک کو ممبر ایگزیکٹو کمیٹی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ نئی قیادت سارک کے بنیادی مقاصد کے حصول میں اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔ مبارکباد کے جواب میں افتخار علی ملک نے کہا کہ سارک کی منسلک تنظیمیں علاقے کے عوام کی حقیقی نمائندہ اور ان کے جذبات کی ترجمانی کرتی ہیں۔ جنوبی ایشیا میں علاقائی معاشی انضمام کو فروغ دینے میں سارک چیمبر کا کردار انتہائی اہم ہے اور یہ سارک کا سب سے متحرک اور سرگرم ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارک چیمبر کاروباری تعلقات کے فروغ، خطے کے نجی شعبے کے مفادات کے تحفظ اور اپنے ممبرز کے مابین کمرشل، ٹیکنیکل اور انڈسٹریل منیجمنٹ، سائنسی معلومات اور تعلیمی جانکاری کے فروغ دینے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے ہائی کمشنر پر زور دیا کہ وہ سارک میکنزم اور اس سے منسلک اداروں کی مدد کیلئے کے لئے اپنا بھرپور تعمیری کردار ادا کریں۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی ماضی کی کچھ یادیں بھی بیان کیں۔ نائب صدر سارک چیمبر پاکستان چیپٹر سینیٹر حاجی غلام علی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام سارک میکنزم کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں اور اب وقت آگیا ہے پاکستان اور سری لنکا باہمی تجارت کو بڑھانے کے لئے آزادانہ تجارت کے معاہدے پر دستخط کا بھر پور فائدہ اٹھائیں۔ ہائی کمشنر نے علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے سارک چیمبر کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ سارک چیمبر کے صدر کے طور پر افتخار علی ملک کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں۔