پاکستان میں لوٹا کریسی کے خالق مریم صفدر کے والد محمد نوازشریف ہیں، وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا اپوزیشن رہنمائوں کی گفتگو پرردعمل

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان میں لوٹا کریسی کے خالق مریم صفدر کے والد محمد نوازشریف ہیں، گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے پی ٹی آئی کی پذیرائی سے ثابت ہو چکا ہے کہ گلگت بلتستان کا معرکہ پی ٹی آئی مار چکی ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی والوں سے جی بی کے عوام پوچھ رہے …

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان میں لوٹا کریسی کے خالق مریم صفدر کے والد محمد نوازشریف ہیں، گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے پی ٹی آئی کی پذیرائی سے ثابت ہو چکا ہے کہ گلگت بلتستان کا معرکہ پی ٹی آئی مار چکی ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی والوں سے جی بی کے عوام پوچھ رہے ہیں کہ10 سالوں میں جو کچھ نہیں کر پائے وہ آئندہ گلگت بلتستان کیلئے کیا کریں گے، مریم اور بلاول کی پارٹیاں گلگت بلتستان کے عوام کی نظروں سے گر چکی ہیں، شکست ان کا مقدر بن چکی ہے۔ جمعہ کی شام اپوزیشن رہنمائوں کی گفتگو پر اپنے ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آج مریم صفدر کے گلگت بلتستان میں خطاب میں حسب روایت ان کا لہجہ شکست خوردہ اور انتہائی ناشائستہ تھا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں لوٹوں اور دھاندلی کا ذکر کیا جہاں تک لوٹوں کا تعلق ہے تو انہیں یاد دلانا چاہتا ہوں کہ ان کے والد محمد نوازشریف لوٹا کریسی کے خالق ہیں جس کی پہلی فیکٹری چھانگا مانگا پر لگائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پچھلے پانچ سال (ن) لیگ کی حکومت رہی، ناقص کارکردگی پر پتہ چل چکا ہے کہ شکست آپ کا مقدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام آپ سے پوچھ رہے ہیں کہ وہ کون سے کام ہیں جو آپ پچھلے 5 سالوں میں نہیں کر سکے جو اب وعدہ کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو بتائیں کہ 5 سال ان کی بھی حکومت رہی، آپ نے گلگت بلتستان کے عوام کے لئے کیا کیا تھا جو اب کرنے کے وعدے کر رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت کے عوام نے جس طرح پاکستان تحریک انصاف کو پذیرائی دی ہے اس سے لگتا ہے کہ پی ٹی آئی جی بی کا انتخابی معرکہ مار لے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے عوام کی نظروں سے گر چکے ہیں ان کا مقدر شکست ہے۔\