پاکستان میں معیاری فلموں کی پروڈکشن کیلئے بھرپور اقدامات اور معاونت کی جائے گی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز (DEMP) کے زیر اہتمام مختلف منصوبوں کے جائزہ اجلاس کے دوران گفتگو

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں معیاری فلموں کی پروڈکشن کے لئے بھرپور اقدامات اور معاونت کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز (DEMP) کے زیر اہتمام مختلف منصوبوں کے جائزہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات کو سینٹرل مانیٹرنگ پروجیکٹ کے …

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں معیاری فلموں کی پروڈکشن کے لئے بھرپور اقدامات اور معاونت کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز (DEMP) کے زیر اہتمام مختلف منصوبوں کے جائزہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات کو سینٹرل مانیٹرنگ پروجیکٹ کے دائرہ کار میں توسیع اور ٹیکنالوجی کی بہتری سمیت نیشنل سینٹر آف فلمز (این سی ایف) کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سینٹرل مانیٹرنگ پروجیکٹ کا آغاز جنوری 2023ء میں ہوا، یہ منصوبہ رواں سال جون 2026ء تک مکمل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سینٹرل مانیٹرنگ پروجیکٹ کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبہ ہے جس سے بیانیہ سازی سے متعلق رپورٹس مرتب کرنے اور موثر حکمت عملی طے کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نجی شعبے کو بھی فائدہ ہوگا جہاں وہ اپنے مواد کا تجزیہ کرنے کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ اس موقع پر DEMP انتظامیہ نے پی سی ون اور منظور شدہ ورک پلان کے مطابق منصوبے کی جون 2026ء تک بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لینے اور کسی بھی رکاوٹ کی بروقت نشاندہی اور ازالے کے لئے باقاعدہ بنیادوں پر جائزہ اجلاس منعقد کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ اجلاس کو نیشنل سینٹر آف فلمز (این سی ایف) کے قیام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں معیاری فلموں کی پروڈکشن کے لئے بھرپور اقدامات اور معاونت کی جائے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل سینٹر آف فلمز، DEMP کے فلم ونگ کی تنظیم نو کے ذریعے قائم کیا گیا، نیشنل فلم پالیسی 2018ء کے آفیشل کسٹوڈین کے طور پر نیشنل سینٹر آف فلمز (این سی ایف) فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ و ہم آہنگی یقینی بناتا ہے۔ پالیسی کے تحت مراعات کے نفاذ میں سہولت کی فراہمی اور منظم روابط، معاہدوں اور عالمی پلیٹ فارمز میں شرکت کے ذریعے پاکستان کی سینما صنعت کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے لئے اقدامات بھی اٹھائے جاتے ہیں۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ فلمی صنعت کی بحالی کیلئے وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے مالی مراعات متعارف کرائی گئی ہیں، سینما ٹو گرافک آلات پر استثنیٰ، سینما آپریشنز اور فیچر فلمز کی تیاری کے لئے ٹیکس ریلیف، فلم اینڈ ڈرامہ فنانس فنڈ کے تحت کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی سے منسلک ٹیکس کریڈٹس شامل ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ فلم اور ڈرامہ کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لئے متعدد ممالک کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے ہیں جن کا مقصد مواد کے تبادلے، مشترکہ پروڈکشنز اور بین الاقوامی فلم فیسٹیولز میں شرکت کو فروغ دینا ہے۔