پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے ہرا دیا،صائم ایوب کی آل رائونڈ کارکردگی

لاہور۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کے پہلے مقابلے میں صائم ایوب کی شاندار آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی۔ جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم نے برقی قمقموں کی روشنی میں سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا۔168 رنز کے مجموعی ہدف کا دفاع کرتے ہوئے پاکستانی بالرز نے انتہائی …

لاہور۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کے پہلے مقابلے میں صائم ایوب کی شاندار آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی۔ جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم نے برقی قمقموں کی روشنی میں سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا۔168 رنز کے مجموعی ہدف کا دفاع کرتے ہوئے پاکستانی بالرز نے انتہائی نپی تلی اور پرجوش باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور کینگروز کو مقررہ20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز تک محدود کر دیا۔ میچ کے ہیرو صائم ایوب نے پہلے دھواں دھار بیٹنگ سے ٹیم کو سہارا دیا اور پھر باؤلنگ میں دو اہم وکٹیں حاصل کر کے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا، جہاں میتھیو شارٹ اور قائم مقام کپتان ٹریوس ہیڈ نے ابتدائی دو اوورز میں ہی اسکور 21 رنز تک پہنچا دیا۔

تاہم صائم ایوب نے دوسرے ہی اوور میں میتھیو شارٹ کو پویلین کی راہ دکھا کر پہلی کامیابی حاصل کی اور پھر خطرناک ٹریوس ہیڈ کو بھی آئوٹ کر دیا، جنہوں نے 13 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے تھے۔ان دو پے در پے نقصانات نے آسٹریلیا کی رفتار کو بریک لگا دی اور پاکستان کو میچ پر گرفت مضبوط کرنے کا موقع فراہم کیا۔ کیمرون گرین نے 31 گیندوں پر 36 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن پاکستانی فیلڈرز کی چستی اور وقت پر لی گئی وکٹوں نے مہمان ٹیم کو سنبھلنے نہ دیا۔مڈل اوورز میں ابرار احمد کی جادوئی لیگ اسپن فیصلہ کن ثابت ہوئی جنہوں نے اپنے 4 اوورز میں محض 10 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلوی ٹیم ایک موقع پر 112 رنز پر 8 وکٹیں گنوا بیٹھی تھی تاہم ٹیل اینڈرز میں زیویئر بارٹلیٹ کے ناقابلِ شکست 34 رنز نے مجموعی اسکور کو کسی حد تک بہتر بنایا۔اس سے قبل پاکستان کی اننگز کی بنیاد صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے ہونے والی اہم شراکت پر رکھی گئی۔

صاحبزادہ فرحان کے پہلی ہی گیند پر آئوٹ ہونے کے بعد اس جوڑی نے 74 رنز جوڑے۔ صائم ایوب نے محض 22 گیندوں پر 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے جبکہ سلمان علی آغا نے 27 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا نے مڈل اوورز میں بہترین اسپیل کے ذریعے کھیل کا رخ موڑ دیا اور دونوں سیٹ بلے بازوں کے علاوہ بابر اعظم (24 رنز) کو بھی آئوٹ کیا۔

اننگز کے آخری لمحات میں پاکستان کو تیزی سے رنز بنانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور وکٹیں گرتی رہیں لیکن محمد نواز کے ناقابلِ شکست 15 رنز کی بدولت ٹیم ایک مسابقتی مجموعے تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔ ایڈم زمپا نے 24 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ زیویئر بارٹلیٹ اور اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ماہرلی بیئرڈمین نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔