پاکستان نے ایشین جوجٹسو چیمپئن شپ 2026 کے پہلے ہی روز تاریخی کامیابی اپنے نام کرتے ہوئے قزاقستان کے شہر الماتے میں منعقدہ انڈر 16 مقابلوں میں 2 طلائی اور 2 چاندی کے میڈلز جیت لیے جبکہ مجموعی طور پر "بیسٹ انڈر 16 ٹیم آف ایشیا” کا اعزاز بھی حاصل کر لیا
پاکستان نے ایشین جوجٹسو چیمپئن شپ 2026 کے پہلے ہی روز انڈر 16 مقابلوں میں 2 طلائی اور 2 چاندی کے میڈلز جیت لئے

مزید خبریں
لاہور۔14جولائی (اے پی پی):پاکستان نے ایشین جوجٹسو چیمپئن شپ 2026 کے پہلے ہی روز تاریخی کامیابی اپنے نام کرتے ہوئے قزاقستان کے شہر الماتے میں منعقدہ انڈر 16 مقابلوں میں 2 طلائی اور 2 چاندی کے میڈلز جیت لیے جبکہ مجموعی طور پر "بیسٹ انڈر 16 ٹیم آف ایشیا” کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ۔ترجمان کے مطابق اس شاندار کارکردگی کے بعد پاکستان انڈر 16 کیٹیگری میں ایشین چیمپئن بھی بن گیا۔انڈر 16 ڈوئو شو سسٹم کے مقابلوں میں پاکستان کی باصلاحیت ایتھلیٹس زنیرہ ذوالفقار اور سندس علی نے بہترین تکنیکی مہارت اور شاندار ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغے اپنے نام کیے۔ ان کی کامیابی پر ایونٹ میں پاکستان کا قومی پرچم بلند کیا گیا اور قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔اسی مقابلے میں پاکستان کے عبدالرحمان اور آمنہ عرفان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سلور میڈلز حاصل کیے جبکہ میزبان قازقستان کی ٹیم برونز میڈل کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ ان نتائج کی بدولت پاکستان نے مجموعی طور پر "بیسٹ انڈر 16 ٹیم آف ایشیا” کا اعزاز بھی اپنے نام کیا، جو پاکستان جوجٹسو کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے چیئرمین نے قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ملک میں جوجٹسو کے فروغ، کھلاڑیوں کی انتھک محنت، کوچنگ سٹاف کی پیشہ ورانہ تیاری اور فیڈریشن کی موثر منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈر 16 میں ایشین چیمپئن اور بیسٹ ٹیم آف ایشیا کا اعزاز پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور ٹیم لیڈر طارق علی نے کہا کہ ایشین چیمپئن شپ کا یہ شاندار آغاز پاکستان جوجٹسو کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی روز 2 گولڈ، 2 سلور میڈلز اور بیسٹ انڈر 16 ٹیم آف ایشیا کا اعزاز نوجوان ایتھلیٹس کی صلاحیت، نظم و ضبط اور عالمی معیار کی تیاری کا ثبوت ہے، اور انہیں یقین ہے کہ قومی ٹیم آئندہ مقابلوں میں بھی مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ محمود الحسن نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بھرپور اعتماد، بہترین تکنیکی مہارت اور مثالی ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔








