پاکستان نے بھارت کے شہر ادھے پور میں قتل کے الزام میں ملوث بھارتی شہریوں کو پاکستانی تنظیم سے جوڑ کر پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی کوششوں کو مسترد کر دیا

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):پاکستان نے بھارت کے شہر ادھے پور میں قتل کے الزام میں ملوث بھارتی شہریوں کو پاکستانی تنظیم سے جوڑ کر پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی کوششوں کو مسترد کیا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ ہم نے بھارتی میڈیا کے ایک حصے میں ادھے پور میں قتل کیس کی تحقیقات کے حوالہ سے رپورٹس دیکھی ہیں جن میں ملزم بھارتی شہریوں کو پاکستان کی ایک تنظیم سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ترجمان نے پاکستان کی جانب سے واضح طور پر اس طرح کے کسی بھی بیان کو مسترد کردیا، جو بھارتیہ جنتا پارٹی۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ”ہندوتوا“ کی طرف سے بھارتی حکومت کے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے، پاکستان کی طرف انگلیاں اٹھاکر بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی بدنیتی پر مبنی کوششیں بھارت یا بیرون ملک لوگوں کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گی۔