پاکستان عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتا ہے، ممتاز زہرا بلوچ

فرانس میں پاکستانی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتا ہے، ہمسایہ ممالک کے ساتھ پُرامن اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے خواہاں ہیں تاہم اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔

پیرس ۔8ستمبر (اے پی پی):فرانس میں پاکستانی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتا ہے، ہمسایہ ممالک کے ساتھ پُرامن اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے خواہاں ہیں تاہم اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرس میں یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر سفارتخانے میں استقبالیہ سے خطاب کے دوران کیا جس میں سینیٹر ایلیزارڈ، سفارتی کور کے ارکان، مسلح افواج کے افسران اور پاکستان کے متعدد دوستوں نے شرکت کی۔ سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے پاکستان کی مسلح افواج کے شہدا اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت و تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات اور قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی کی ضامن ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے 1965ء میں پاکستانی افواج کی بے مثال بہادری اور گزشتہ سال مئی میں بھارتی جارحیت کے جواب میں مسلح افواج کی جانب سے عزم، درست حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دفاع کا ذکر کیا۔ سفیر نے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے ملک کی خدمات بالخصوص اقوام متحدہ کے امن مشنوں کے تحت پاکستان کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان کا قومی دفاع صرف روایتی میدانِ جنگ تک محدود نہیں رہا بلکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ تک بھی پھیل گیا ہے،اس فیصلہ کن جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے شراکت داری قائم کرنے اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتا ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ تعاون، مذاکرات اور بین الاقوامی قانون سے وابستگی کے اسی جذبے کے تحت پاکستان خطے میں جنگ کے شعلے بجھانے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ نہیں چاہتا بلکہ اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پُرامن اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے تاہم اپنے قومی دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے تنازعہ جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

مزید خبریں