قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے خواندگی اور تعلیم کے مواقع تک رسائی کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے، بالخصوص ان بچوں اور بالغ افراد کے لیے جو باضابطہ تعلیمی نظام سے باہر ہیں۔ عالمی یوم خواندگی کے موقع پر ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری اپنے پیغام میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خواندگی افراد …
خواندگی اور تعلیم کے مواقع تک رسائی کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت ہے ، قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کا عالمی یوم خواندگی کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے خواندگی اور تعلیم کے مواقع تک رسائی کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے، بالخصوص ان بچوں اور بالغ افراد کے لیے جو باضابطہ تعلیمی نظام سے باہر ہیں۔ عالمی یوم خواندگی کے موقع پر ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری اپنے پیغام میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خواندگی افراد کو باخبر فیصلے کرنے، مواقع سے فائدہ اٹھانے اور معاشرے میں زیادہ موثر انداز میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے تعلیمی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے غیر رسمی تعلیم، بالغوں کی خواندگی اور ہنرمندی کے فروغ کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔قائم مقام صدر نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے تکنیکی ماحول کے پیش نظر بنیادی خواندگی کے ساتھ ڈیجیٹل صلاحیتوں اور عملی مہارتوں پر بھی زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پسماندہ اور دور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا تاکہ تعلیم اور سیکھنے کے مواقع تک رسائی کو وسیع کیا جا سکے۔
انہوں نے خواندگی اور تعلیم کے فروغ میں اساتذہ، والدین، ماہرینِ تعلیم اور کمیونٹی ورکرز کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ آنے والی نسلوں کی تشکیل میں ان کی خدمات مسلسل تعاون اور اعتراف کی مستحق ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، تعلیمی اداروں، نجی شعبے اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ ملک بھر میں سیکھنے اور علم کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششیں کریں۔







