پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے دی،تین میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس کو 0-1 کی برتری

راولپنڈی۔12نومبر (اے پی پی):پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے، سلمان آغا نے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سری لنکن ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ 50 …

راولپنڈی۔12نومبر (اے پی پی):پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے، سلمان آغا نے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سری لنکن ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز ہی بنا سکی۔ ونندو ہسارنگا نے نصف سنچری سکور کی ، حارث رؤف نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سلمان آغا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں منگل کو کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان چاریتھ اسالنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز پراعتماد نہ تھا اور پہلی وکٹ جلد گر گئی جب اوپنر صائم ایوب 6 رنز بنا کر اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر فخر زمان اور بابر اعظم نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی اور محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 68 تک پہنچایا تاہم فخر زمان 32 رنز بنانے کے بعد ونندو ہسارنگا کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔

ونندو ہسارنگا نے شاندار باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے اگلے اوور میں محمد رضوان کو 5 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 29 رنز کے انفرادی اسکور پر ہسارنگا کی گیند پر بولڈ ہو گئے یوں 95 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گر گئی۔ اس موقع پر سلمان آغا اور حسین طلعت نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 138 قیمتی رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔ حسین طلعت نے 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ماہیش تھیکشانا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اختتامی اوورز میں سلمان آغا اور محمد نواز نے جارحانہ انداز اپنایا اور مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا۔

دونوں نے ٹیم کا مجموعی اسکور مقررہ 50 اوورز میں 299 تک پہنچا دیا۔ سلمان آغا نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 105 رنز بنائے جس میں 9 چوکے شامل تھے۔ محمد نواز 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ونندو ہسارنگا نے تین جبکہ ماہیش تھیکشانا اور اسیتھا فرنینڈو نے ایک ، ایک وکٹ اپنے نام کی۔ سری لنکا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا سکی۔ پاکستانی فاسٹ باؤلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن کو بے بس کر دیا۔

سری لنکا کی اننگز کا آغاز پاتھم نسانکا اور کامل مشرا نے کیا جنہوں نے 85 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی تاہم کامل مشرا 38 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اگلی ہی گیند پر حارث رؤف نے تجربہ کار بیٹر کوسال مینڈس کو صفر پر کلین بولڈ کر کے پاکستان کو بڑی کامیابی دلائی۔ اسی تسلسل میں حارث رؤف نے اپنے اگلے اوور میں پاتھم نسانکا کو بھی 28 رنز پر آؤٹ کر کے سری لنکا کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔

اس کے بعد سدیرا سمارا وکرما اور کپتان چاریتھ اسلانکا کے درمیان 57 رنز کی شراکت قائم ہوئی، سدیرا سمارا وکرما 39 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ 183 کے مجموعی اسکور پر کپتان چاریتھ اسلانکا بھی 32 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ جنیتھ لیانگے 28 رنز کی اننگز کھیل کر نسیم شاہ کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔ کمندو مینڈس 9 اور دشمانتھا چمیرا 7 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے۔

آخر میں ونندو ہسارنگا نے مزاحمت کرتے ہوئے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن وہ بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے انہیں نسیم شاہ نے آؤٹ کیا۔ ماہیش تھیکشانا 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نسیم شاہ اور فہیم اشرف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان آغا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔