پاکستان کا مقبوضہ فلسطینی علاقے میں غیر قانونی بستیوں میں بننے والی مصنوعات پر پابندی عائد کرنے کے برطانوی فیصلے کا خیرمقدم
پاکستان کا مقبوضہ فلسطینی علاقے میں غیر قانونی بستیوں میں بننے والی مصنوعات پر پابندی عائد کرنے کے برطانوی فیصلے کا خیرمقدم

مزید خبریں
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):پاکستان نے برطانیہ کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں میں بننے والی مصنوعات پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔بدھ کو ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقے میں غیر قانونی بستیوں کا مسلسل پھیلائو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، اس طرح کی غیر قانونی کارروائیاں دو ریاستی حل کے حصول اور خطے میں امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
اس سلسلے میں پاکستان کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، سپین اور سویڈن سمیت متعدد دیگر ممالک کے اعلانات کا بھی خیرمقدم کرتا ہے جو اسرائیلی غیر قانونی بستیوں کے خلاف ایسے ہی اقدامات پر غور کر رہے ہیں اور ان کوششوں کی حمایت کر رہے ہیں۔پاکستان امید کرتا ہے کہ یہ اقدامات مقبوضہ فلسطینی علاقے میں غیر قانونی کارروائیوں کو مسترد کرنے کا ایک واضح اور غیر مبہم پیغام دیں گے۔
پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کی جائز جدوجہد کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا اور ان تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا جو 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک خودمختار، آزاد اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ہیں جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔







