پاکستان کا ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کا صدر منتخب ہونا بڑا اعزاز ہے، شزا فاطمہ خواجہ

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (ڈی سی او) کا صدر منتخب ہونا ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز اور ساتھ ہی ایک اہم ذمہ داری ہے جس کے ذریعے پاکستان کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا مؤثر نکتہ نظر عالمی سطح پر پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ خصوصی گفتگو …

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (ڈی سی او) کا صدر منتخب ہونا ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز اور ساتھ ہی ایک اہم ذمہ داری ہے جس کے ذریعے پاکستان کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا مؤثر نکتہ نظر عالمی سطح پر پیش کرنے کا موقع ملے گا۔

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن ایک منفرد اور اہم پلیٹ فارم ہے جو رکن ممالک کے درمیان ڈیجیٹل معیشت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سکلز ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اس فورم کے تحت مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے۔

شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ آئی ٹی اور ڈیجیٹل مہارتوں کی ترقی پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے اور ڈی سی او کی صدارت اس مقصد کے حصول میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فورم کے ذریعے نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کرنے اور خطے میں ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ اور قابلِ اعتماد دوست ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات ماضی میں بھی مضبوط رہے ہیں اور آج بھی اعلیٰ سطحی روابط قائم ہیں۔ ان کے مطابق سعودی عرب ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی قیادت کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی وسعت ملی ہے۔ شزا فاطمہ خواجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط نہایت اہمیت کے حامل ہیں اور یہ تعلقات خطے میں ڈیجیٹل ترقی اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔