پاکستان کا یومِ یکجہتیٔ کشمیر پر کشمیری عوام سے یکجہتی کے عزم کا اعادہ، دفتر خارجہ کا بیان

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام جمعرات کو یومِ یکجہتی کشمیر منارہے ہیں جس کے ذریعے وہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کے حقِ خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے پختہ عزم کا اعادہ کر رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم و …

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام جمعرات کو یومِ یکجہتی کشمیر منارہے ہیں جس کے ذریعے وہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کے حقِ خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے پختہ عزم کا اعادہ کر رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان تمام بین الاقوامی فورمز پر کشمیری عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کے صدور، اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل، اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور تنظیمِ تعاونِ اسلامی (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل کو خطوط ارسال کیے جن میں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں سنگین صورتحال کی جانب فوری توجہ مبذول کرائی گئی۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نائب وزیرِ اعظم نے اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزاد، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے انعقاد کا مطالبہ کیا تاکہ کشمیری عوام کی خواہشات کا تعین کیا جاسکے۔

انہوں نے اقوامِ متحدہ اور او آئی سی کی قیادت پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تشویشناک انسانی حقوق کی صورتحال کے تدارک اور بہتری کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ دفتر خارجہ کے مطابق یومِ یکجہتیٔ کشمیر سے قبل اسلام آباد میں تعینات سفارت کاروں کے لیے ایک جامع بریفنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں موجودہ صورتحال اور جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔

جمعرات کو وزارتِ خارجہ کے افسران اور عملے نے جناح ایونیو پر منعقدہ یومِ یکجہتیٔ کشمیر واک میں شرکت کی جس کے ذریعے کشمیری کاز کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا گیا۔ اس کے علاوہ پاکستان کے سفارتی مشنز میں دنیا بھر میں سیمینارز، ویبینارز، عوامی مظاہروں اور تصویری نمائشوں سمیت مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ان سرگرمیوں کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ بھرپوریکجہتی کا اظہار اور بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا ہے۔