پاکستان کورونا وائرس وبا کے دوران خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کی روک تھام کی کوششوں میں تعاون کے لیے ’’گروپ آف فرینڈز ‘‘میں شامل ہو گیا

اقوام متحدہ۔8دسمبر (اے پی پی):پاکستان کورونا وائرس کے وبا کے دوران خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کی روک تھام کی کوششوں میں تعاون کے لیے اقوام متحدہ میں ’’گروپ آف فرینڈز ‘‘ کے نام سے قائم کیے گئے اہم گروپ میں شامل ہو گیا۔منتظمین کے مطابق اقوام متحدہ کی77 رکن ریاستیں اور آبزرورز ے ’’گروپ آف فرینڈز ‘‘ میں پہلے ہی شامل ہوچکی ہیں ۔ گروپ آف فرینڈز کا …

اقوام متحدہ۔8دسمبر (اے پی پی):پاکستان کورونا وائرس کے وبا کے دوران خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کی روک تھام کی کوششوں میں تعاون کے لیے اقوام متحدہ میں ’’گروپ آف فرینڈز ‘‘ کے نام سے قائم کیے گئے اہم گروپ میں شامل ہو گیا۔منتظمین کے مطابق اقوام متحدہ کی77 رکن ریاستیں اور آبزرورز ے ’’گروپ آف فرینڈز ‘‘ میں پہلے ہی شامل ہوچکی ہیں ۔ گروپ آف فرینڈز کا سہ ماہی بنیادوں پر اجلاس منعقد ہوا کرے گا ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے گروپ آف فرینڈز کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس کے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے مطالبے کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں میں مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا نے انتہائی کمزور ممالک یا طبقات پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں اور لاک ڈائون کے دوران گھریلو تشدد اور خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور لڑکیوں کو تشدد، ہراسگی اور مارپیٹ سے تحفظ یقینی بنانے کے لیے اقدامات پر عمل پیرا ہے اور یہ مقصد خواتین کی فلاح و بہبود اور تحفظ پر توجہ مرکوز کرنے سے پورا کیا جاسکتا ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان کی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے خاص طور پر کورونا وائرس کی وبا کے دوران خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے اقدامات کیے ہیں اور اس سلسلے میں ہم خواتین کی حمایت میں مستحکم قانون سازی کر رہے ہیں اور یہی نہیں پاکستان کی پارلیمنٹ نے حال ہی میں زیادتی ، غیرت کے نام پر قتل اور بچیوں کی جلد اور زبردستی کی شادی کے خلاف اور کام کرنے والی خواتین کو تحفظ فراہم کرنے سے متعلق بل بھی منظور کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت اور سماجی ترقی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی قیادت میں ہم خواتین کو غربت سے نکالنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں اور احساس پروگرام کے تحت حکومت لاکھوں پسماندہ خواتین کی مدد کر رہی ہے اور انہیں کیش ادائیگی کر کے انہیں ان کے گھروں میں سماجی تحفظ فراہم کر رہی ہے اور اب تک7 ملین یعنی 70 لاکھ سے زائد خواتین کو کیش ادائیگی کی گئی ہے