پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری کیلئے جامع قومی ویکسین پالیسی کی منظوری حاصل کر لی ہے، سید مصطفیٰ کمال

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری کیلئے جامع قومی ویکسین پالیسی کی منظوری حاصل کر لی ہے، سید مصطفیٰ کمال

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری کے لئے جامع قومی ویکسین پالیسی کی منظوری حاصل کر لی ہے۔وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے بدھ کو اس اہم پالیسی کی باضابطہ منظوری دے دی ہے جو ملک میں صحت عامہ کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک سنگِ میل ثابت ہوگی۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ماضی میں پاکستان میں ویکسین سے متعلق کوئی جامع قومی پالیسی موجود نہیں تھی جس کے باعث اس شعبے میں مربوط پیشرفت ممکن نہ ہو سکی۔ انہوں نے بتایا کہ وزارتِ صحت نے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اس پالیسی دستاویز کو ترتیب دیا ہے تاکہ ایک مضبوط اور پائیدار نظام قائم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کی تیاری میں معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر، وزیر مملکت برائے صحت مختار بھرتھ اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری وقت کی اہم ضرورت تھی اور یہ پالیسی اس ضرورت کو پورا کرنے کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ہے۔وزیر صحت نے اس پیشرفت کو قومی خود کفالت کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف ویکسین کی دستیابی میں بہتری آئے گی بلکہ مستقبل میں صحت کے ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت بھی بڑھے گی۔

مزید خبریں