پاکستان کی جانب سے یوکرین کے لیے امداد کی دوسری کھیپ روانہ، ادویات، کمبل اور راشن شامل

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی): یوکرین کے لئے امدادی سامان کی دوسری کھیپ کی روانگی کے لئے نور خان بیس راولپنڈی پر جمعرات کو سرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم) سے جاری بیان کے مطابق امدادی سامان میں ضروری ادویات، کمبل اور راشن شامل ہے جو پاکستان ائیر فورس کے دو سی۔130 طیاروں کے ذریعے براستہ پولینڈ، یوکرین پہنچے گا۔

تقریب کے دوران وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے امدادی سامان یوکرین کے سفیر مرکیان چوچک کے حوالے کیا۔ تقریب میں این ڈی ایم اے کے علاوہ وزارت خارجہ اور یوکرین سفارتخانے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے کہا کہ پاکستان یوکرین کے ساتھ گزشتہ تین دہائیوں پر محیط دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان یوکرین کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پہلے بھی امدادی سامان فراہم کر چکا ہے۔ یوکرین میں جاری جنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے معاملات حل کرنے چاہئیں۔

یوکرین کے سفیر نے مشکل کی اس گھڑی میں یوکرین کے عوام کے لیے امداد بھیجنے پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔سفیر کا کہنا تھا کہ یوکرین حقیقی معنوں میں اس مدد کو پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے نیک سگالی اور ہمدردی کے جذبے کا مظہر سمجھتا ہے۔یوکرین کے لئے امدادی کھیپ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے راستے بھیجی جائے گی۔ سامان کی پہلی کھیپ 15 مارچ 2022 کو بھیجی گئی تھی۔