پاکستان کی کاسا۔1000 مذاکرات میں 27 ملین ڈالر سے زیادہ کی بچت

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):پاکستان نے کاسا۔ 1000(CASA) پراجیکٹ میں ایک بڑی مالی کامیابی حاصل کی ہے، جس سے منصوبہ کے ٹھیکیداروں کے دعووں پر کامیاب مذاکرات کے نتیجہ میں 27 ملین ڈالر سے زیادہ کی بچت ہوئی ہے۔وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی پریس ریلیز کے مطابق ای پی سی کنٹریکٹر میسرز ہٹاچی کوبرا جے وی نے اپنے کیئر اینڈ کسٹڈی کے دعوی کے مطابق رقم کو پاکستان کے لیے …

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):پاکستان نے کاسا۔ 1000(CASA) پراجیکٹ میں ایک بڑی مالی کامیابی حاصل کی ہے، جس سے منصوبہ کے ٹھیکیداروں کے دعووں پر کامیاب مذاکرات کے نتیجہ میں 27 ملین ڈالر سے زیادہ کی بچت ہوئی ہے۔وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی پریس ریلیز کے مطابق ای پی سی کنٹریکٹر میسرز ہٹاچی کوبرا جے وی نے اپنے کیئر اینڈ کسٹڈی کے دعوی کے مطابق رقم کو پاکستان کے لیے تقریباً 32.9 ملین ڈالر اور تاجکستان کے لیے 28.5 ملین ڈالر تک بڑھا دیا تھا۔

سویڈن کے شہر لڈویکا میں 9 سے 10 مارچ 2026 کے دوران ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت توانائی (پاور ڈویژن) سید امتیاز حسین شاہ اور منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) الطاف حسین نے شرکت کی جس میں کامیاب مذاکرات ہوئے۔ فریقین نے فروری 2028 تک نگہداشت اور تحویل کی کل لاگت کو 9.0 ملین ڈالر (پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مشترکہ) تک محدود کرنے پر اتفاق کیا، جس کے نتیجہ میں پاکستان کے لئے 27 ملین ڈالر سے زیادہ کی بچت ہوئی ہے، جبکہ عبوری مدت کے دوران HVDC کے اہم اثاثوں کی صحت، سالمیت اور آپریشنل تیاری کو بھی یقینی بنایا گیا۔

مزید برآں فروری 2028 سے آئندہ تین ماہ تک کی محدود توسیع پر بھی اتفاق کیا گیا ہے جو ضرورت کے مطابق 5 فیصد ماہانہ اضافہ کے ساتھ مشروط ہے۔ کاسا۔1000 منصوبہ وسطی ایشیا کو بجلی کی ترسیل کے لئے جنوبی ایشیا کے ممالک سے جوڑتا ہے جو افغانستان کی جغرافیائی سیاسی صورتحال کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ اب ستمبر 2027 تک HVDC سسٹم کا آغاز متوقع ہے، جس کے لئے عبوری دیکھ بھال اور تحویل کے انتظامات کی ضرورت ہے۔