پاکستان کی یورپی یونین اور جنوبی ایشیائی ممالک کےمابین تعلقات کے حوالے سے اجلاس میں شرکت ، ناظم الامور فراززیدی نے علاقائی و عالمی مسائل کو اجاگر کیا

79

سٹراس بورگ۔28نومبر (اے پی پی):یورپی یونین کے لئے پاکستانی مشن کے ناظم الامور فراز زیدی نے فرانس کے شہر سٹراس بورگ میں ’’ ڈیلی گیشن فار ریلیشنزود دی کنٹریز آف سائوتھ ایشیا ‘‘( ڈی ایس اے ایس)کے اجلاس میں شرکت کی ۔

یورپی یونین بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں جنوبی ایشیائی ممالک کے سفرا نے شرکت کی۔

ان سفرا کی یورپی پارلیمان کی نئی منتخب ٹیم کے ساتھ یہ پہلی ملاقات تھی۔اس موقع پر پاکستانی مشن کے ناظم الامور فراز زیدی نے اجلاس سے خطاب میں جنوبی ایشیا کی سٹریٹجک اہمیت اور انتہائی اقتصادی صلاحیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کی یورپی یونین کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کو اجاگر کیا اور پاکستان کو یورپی یونین سے حاصل جی ایس پی پلس سٹیٹس کا ذکر کیا ۔

انہوں نے پاکستان کے یورپی یونین کے ساتھ تجارتی،ٹیکنالوجی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔فراز زیدی نے اپنے خطاب میں بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر کے حل طلب تنازعہ اور علاقائی استحکام کے لئے اس کے مضمرات سمیت علاقائی چیلنجز پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس معاملے کے حل کے لئے عالمی برادری کو وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزیوں کا نوٹس لینا چاہیے ۔

عالمی خدشات کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور یورپی یونین کے ساتھ مل کر قانونی امیگریشن کے راستوں کو آسان بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے افغانستان میں انسانی اور سلامتی کے مسائل بالخصوص افغان سرزمین سے پیدا ہونے والی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔

فراز زیدی نے مسئلہ فلسطین پر یورپی یونین کے اصولی موقف کی تعریف کی اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت منصفانہ حل کے لئے مسلسل کوششوں کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے جاری بحران کے خاتمے اور امن کے حصول کے لئے بین الاقوامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لئے مشترکہ ترجیحات پر یورپی یونین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔