اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین و قانون کے تحت کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت میں مسلح ونگز کی اجازت نہیں ہے، کسی جماعت کو ٹارگٹ نہیں کیا جا رہا، اگر کسی کے پاس پرائیویٹ ملیشیا نہیں ہے تو اسے فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے، ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال میں جلسے جلسوں کا ماحول …
پاکستان کے آئین و قانون کے تحت کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت میں مسلح ونگز کی اجازت نہیں ہے، جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہو گی،وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر)اعجازشاہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین و قانون کے تحت کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت میں مسلح ونگز کی اجازت نہیں ہے، کسی جماعت کو ٹارگٹ نہیں کیا جا رہا، اگر کسی کے پاس پرائیویٹ ملیشیا نہیں ہے تو اسے فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے، ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال میں جلسے جلسوں کا ماحول نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان اپوزیشن کے جلسوں سے نہیں گھبراتے، اپوزیشن رہنمائوں کو بحیثیت قومی لیڈر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس وقت جلسے نہیں کرنے چاہییں، جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد امن و امان برقرار رکھنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، تمام صوبائی وزرائے داخلہ کو خط لکھا ہے کہ سیاسی و مذہبی جماعتوں پر نظر رکھیں، تمام جماعتوں نے مل کر جو نیشنل ایکشن پلان بنایا ہوا تھا اس کے پیرا نمبر تھری اور آرٹیکل 256 میں بھی یہی ہے کہ کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت میں مسلح ونگز بنانا ممنوع ہے، اگر کسی نے پرائیویٹ آرمی بنائی ہوئی ہے تو اسے آپریٹ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نوٹیفکیشن میں کسی جماعت کا نام لیا گیا ہے اور نہ ہی جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت کسی جماعت کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، اگر کسی کے پاس پرائیویٹ ملیشیا نہیں تو فکر کی ضرورت نہیں ہے، رضا کار ہیں تو انہیں رضاکاروں کی طرح ہی سلوک کرنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو 126 دنوں تک دھرنا دینے کا تجربہ حاصل ہے، وہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں سے نہیں گھبراتے اسی لئے انہوں نے اپوزیشن کو جلسے کرنے کی اجازت دی ہوئی ہے، کورونا کی موجودہ صورتحال میں اب اپوزیشن جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قومی لیڈر ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے عوام کی صحت کا خیال رکھیں۔ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کو آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 300 سے زائد افراد کے اجتماعات پر پابندی عائد کر رکھی ہے، کورونا ایس او پیز کے حوالے سے عدالتی احکامات بھی موجود ہیں، پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیا جائے لیکن بدقسمتی سے ہماری اپوزیشن ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے جان بوجھ کر عوام کی زندگیوں کو خطرے میں دھکیل رہی ہے، اس وقت جلسوں کا ماحول نہیں ہے اسلئے اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ جلسے نہ کریں۔








