پاکستان کے ابوظہبی میں سفارتخانے کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تقریب کا انعقاد

ابوظہبی ۔5فروری (اے پی پی):پاکستان کے ابوظہبی میں سفارتخانے کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصدِ مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کرنا اور بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی …

ابوظہبی ۔5فروری (اے پی پی):پاکستان کے ابوظہبی میں سفارتخانے کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصدِ مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کرنا اور بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی مذمت کرنا تھا۔جمعرات کو ابو ظہبی میں پاکستان کے سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق تقریب کے دوران صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ کے یومِ یکجہتی کشمیر کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان کی جانب سے سفارتخانے کی نائب سربراہ مشن محترمہ فوزیہ فیاض احمد نے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کی حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے سات دہائیوں سے زائد طویل جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے بنیادی حقوق کے مطالبے سے نہیں روک سکتے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جموں و کشمیر کا معاملہ اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کونسل سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھاتا رہے گا اور عالمی برادری کی توجہ کشمیری عوام کی صورتحال کی جانب مبذول کراتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔تقریب سے کشمیری برادری کے نمائندگان نے بھی خطاب کیا اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر کے نہتے شہریوں کے خلاف مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حقِ خود ارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیا۔