پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن۔3فروری (اے پی پی):امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ کسی بھی ملک کے لیے امریکا اور چین میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کی کوئی شرط نہیں ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں …

واشنگٹن۔3فروری (اے پی پی):امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ کسی بھی ملک کے لیے امریکا اور چین میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کی کوئی شرط نہیں ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے یہ بات پوری طرح واضح کر دی ہے کہ دنیا بھر میں کسی بھی ملک کے لیے یہ شرط نہیں ہے کہ وہ امریکہ اور چین میں سے کسی ایک ملک کا انتخاب کرے۔

ترجمان نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ امریکا کے ساتھ شراکت داری کے بہت سے فائدے ہیں جو ممالک کو عام طور پر اس قسم کی شراکت داریوں کی صورت میں نہیں ملتے جیسی شراکت داریاں چین نے پوری دنیا میں حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کا سٹریٹجک پارٹنر ہے۔ ہمارا پاکستان حکومت کے ساتھ ایک اہم رشتہ ہے، اور یہ ایک ایسا رشتہ ہے جسے ہم متعدد محاذوں پر اہمیت دیتے ہیں اور اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔