پاکستان کے عبدالرحمٰن پولی گراس میجک سکل ایوارڈ کے فاتح قرار

عالمی ہاکی فیڈریشن (FIH) کے تحت ہالینڈ اور بیلجیئم میں اختتام پذیر ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے بعد عالمی سطح پر شائقینِ ہاکی کی جانب سے کی گئی ووٹنگ کے نتیجے میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی عبدالرحمٰن کو پولی گراس میجک سکل ایوارڈ کا فاتح قرار دیا گیا ہے۔

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):عالمی ہاکی فیڈریشن (FIH) کے تحت ہالینڈ اور بیلجیئم میں اختتام پذیر ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے بعد عالمی سطح پر شائقینِ ہاکی کی جانب سے کی گئی ووٹنگ کے نتیجے میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی عبدالرحمٰن کو پولی گراس میجک سکل ایوارڈ کا فاتح قرار دیا گیا ہے۔ عبدالرحمٰن نے یہ عالمی اعزاز ویلز کے خلاف میچ میں اپنے شاندار اور حیران کن 3D سکلز کے مظاہرے پر حاصل کیا۔

انہوں نے بال کو ہوا میں کنٹرول کرتے ہوئے حریف ٹیم کے 4 ڈیفنڈرز کو چکمہ دیا اور شاندار گول سکور کیا۔ اس شاندار گول کو دنیا بھر کے ہاکی شائقین کی جانب سے بے حد سراہا گیا اور انہوں نے 44 فیصد ووٹ حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ کینٹن میلویل 39 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ ایف آئی ایچ کے گلوبل سپلائر ‘پولی ٹین’ کی جانب سے دیے جانے والے اس معتبر ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے 6 بہترین لمحوں (3 مرد اور 3 خواتین) کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، جس پر 4 سے 13 ستمبر تک عالمی سطح پر ووٹنگ کروائی گئی۔

خواتین کے شعبے میں گول کیپر بیچو دیوی کاریبام 52 فیصد ووٹ لے کر فاتح قرار پائیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے عبدالرحمٰن کو اس شاندار عالمی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی یہ کامیابی پاکستان میں ہاکی کے نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔