پاکستان کے لیے مسیحی قوم کی بیش بہا خدمات ہیں ، سیالکوٹ واقعہ نے ہمیں دنیا میں شرمندہ کیا،وفاقی وزیر داخلہ شیخ احمدکا راولپنڈی میں تقریب سے خطاب

راولپنڈی۔15دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ احمد نے کہاہے کہ پاکستان کے لیے مسیحی قوم کی بیش بہا خدمات ہیں ، مسیحی محنت کش قوم ہے ، مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی خوشیاں مبارک ہوں ،سانحہ سیالکوٹ نے ہمیں دنیا میں شرمندہ کیاہے ، اگر ہمارے دلوں میں دوسروں کا احساس نہیں ہے تو ہماری زندگی رائیگاں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی آرٹس کونسل میں مسیحی برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ جیتتا وہی ہے جس کا یہ ایمان ہوتا ہے کہ اگر میں ڈھونڈوں گا تو پائوں گا ،اگر میں دستک دوں گا تومیرے لیے درکھولا جائے گا۔

اپنے خطاب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ یسوع مسیح کا پیغام تعلیم و تبلیغ تھا ، کرسمس کی خوشیوں میں شامل ہونا اللہ کا مجھ پر خاص کرم ہے، مسیحی برادری کی پاکستان کے لئے خدمات مسلم سے کم نہیں ۔شیخ رشید نے نئے سال پر مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ خدا وند کا کرم ہے کہ کرسمس کے موقع پرمسیحی برادری سے مخاطب ہوتا ہوں جتنی خدمات کرسچن برادری کی پاکستان کیلئے ہے کسی اور کی نہیں یسوع مسیح صرف مسیحیوں کے نہیں بلکہ میرے بھی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے واقعہ نے ہمیں دنیا میں شرمندہ کیا۔ دنیا 72 برس میں پہلی مرتبہ ہمیں انتہا پسند کی نظر سے دیکھ رہی ہے، انتہا پسندی نے ہمارے ملک کی بنیادیں ہلادی ہیں ، ملک کی دشمن انتہاپسندی اور دہشت گردی ہے۔انہوں نے کہاکہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کیلئے ہمارے دل میں عزت نہیں ہوگی تو ہم انسان کہلانے کے لائق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آپس کے بھائی چارے کی اشد ضرورت ہے آپ سب پاکستان کے وزیر داخلہ ہیں آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ راولپنڈی کے شہر کی بیٹی پڑھی لکھی ہے ہمیں کوئی نہیں ہرا سکتا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ عمران خان ایک مذہبی ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں اور مذہبی ریاست مدینہ کا یہ لازمی جزو ہے کہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کا بھی اتنا ہی احترام کیاجائے جتنا کہ ان کے اپنے مذہب کاکیا جاتا ہے۔ مسیحی محنت کش لوگ ہیں ،پاکستان میں کسی مسیحی کو مانگتے ہوئے نہیں دیکھا ۔

انہوں نے کہا کہ لال حویلی کے دروازے مسیحی بھائیوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں ،مسیحیوں کو مذہبی عبادات کی مکمل آزادی ہے ، مسیحی عام طور پر شدت پسند نہیں ہوتے نہ ہی کسی دیگر غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہوتے ہیں اس لیے میرے دل میں مسیحی برادی کے لیے احترام ہے ۔