پاکستان کے پاس مضبوط زرعی بنیاد موجود ہے،ہمیں اپنی زرعی قوت کو زیادہ برآمدی آمدنی میں تبدیل کرنا ہوگا، رانا احسان افضل خان
پاکستان کے پاس مضبوط زرعی بنیاد موجود ہے،ہمیں اپنی زرعی قوت کو زیادہ برآمدی آمدنی میں تبدیل کرنا ہوگا، رانا احسان افضل خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس مضبوط زرعی بنیاد موجود ہے تاہم اس کی مکمل برآمدی صلاحیت زیادہ ویلیو ایڈیشن، بہترین معیار، بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفیکیشن اور نئی منڈیوں میں تنوع کے ذریعے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کی جانب سے منعقدہ سٹریٹجک ڈائیلاگ سیریز کے تیسرے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اجناس کی برآمدات سے آگے بڑھنا ہوگا اور پراسیسنگ، برانڈنگ اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے اپنی زرعی قوت کو زیادہ برآمدی آمدنی میں تبدیل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کے معیار، شیلف لائف اور عالمی مسابقت کو بہتر بنانے کے لیے فوڈ پراسیسنگ کی سہولیات، جدید پیکیجنگ، کولڈ چین انفراسٹرکچر اور سرٹیفیکیشن نظام کو مضبوط بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی جسے تمام متعلقہ وزارتوں، صوبائی حکومتوں، ریگولیٹرز اور نجی شعبے کی جانب سے بروقت اقدامات کی حمایت حاصل ہو تاکہ زیادہ مسابقتی، متنوع اور مضبوط زرعی و غذائی برآمدی باسکٹ تیار کی جا سکے۔ انہوں نے برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے، سپلائی چین کی رکاوٹوں کو دور کرنے اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کو اعلیٰ معیار کی زرعی اور غذائی مصنوعات کے قابل اعتماد سپلائر کے طور پر مستحکم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔








