پاکستان ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لئے بیلجیم اور برطانیہ روانہ

پاکستان ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ 2026 میں شرکت کے لئےآج کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بیلجیم اور برطانیہ روانہ ہوگئی۔

لاہور۔10جون (اے پی پی):پاکستان ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ 2026 میں شرکت کے لئےآج کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بیلجیم اور برطانیہ روانہ ہوگئی۔ پرو ہاکی لیگ کے مقابلے13 سے 28 جون تک کھیلے جائیں گے، جہاں قومی ٹیم مجموعی طور پر 8 اہم میچز میں شرکت کرے گی۔ اس دورے کے دوران قومی ٹیم کی قیادت ہیڈ کوچ اولمپین منظور الحسن کریں گے جبکہ اولمپین خواجہ محمد جنید ٹیم منیجر کے فرائض انجام دیں گے۔ ٹیم آفیشلز میں ویڈیو اینالسٹ سلطان اشرف اور فزیو تھراپسٹ فہد جاوید بھی شامل ہیں۔

قومی سکواڈ میں گول کیپرز علی رضا اور وقار شامل ہیں، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں زکریا حیات، عماد شکیل بٹ، عبدالمتین، محمد عماد، معین شکیل، رانا محمد ولید اشرف، غضنفر علی، محمد عبداللہ، احمد ندیم، ارشد لیاقت، عبدالمنان، افراز، بشارت علی، محمد ندیم خان، رانا عبدالوحید اشرف، ابوبکر محمود، ارباز احمد اور محمد حماد الدین انجم شامل ہیں۔ شیڈول کے مطابق بیلجیم میں میچز مکمل کرنے کے بعد قومی ٹیم لندن روانہ ہوگی، جہاں23 جون کو پرو ہاکی لیگ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان روایتی حریفوں کا انتہائی اہم اور سنسنی خیز مقابلہ کھیلا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی اور دیگر عہدیداران نے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم اس اہم بین الاقوامی ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

مزید خبریں