امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات محض ایک آپشن نہیں بلکہ موجودہ وقت اور مستقبل کی اہم ضرورت ہیں۔
پاک امریکا تعلقات وقت اور مستقبل کی ضرورت ہیں، پاکستان کے سفیر کا ہاورڈ یونیورسٹی میں خطاب
نیویارک ۔13اپریل (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات محض ایک آپشن نہیں بلکہ موجودہ وقت اور مستقبل کی اہم ضرورت ہیں۔انہوں نے ہاورڈ یونیورسٹی میں پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےدوطرفہ اقتصادی تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے امریکی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔سفیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو “دنیا کا محور” بنانے کا خواب دیکھا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مستقل سفارتی کاوشوں کے باعث اسے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کار کا کردار دیا گیا، اور ہم نے اس اعتماد پر دونوں ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستان کے قدرتی اور انسانی وسائل، خصوصاً نوجوان آبادی کو ملک کا بڑا اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان نے اپنے قیام کے بعد متعدد چیلنجز کا سامنا کیا مگر اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس ناسور کے خلاف پُرعزم ہے اور اسے مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے وقت درپیش چیلنجز کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔









