پاک بحریہ کے سربرہ سے عراقی بحریہ کے کمانڈر کی ملاقات

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):پاک بحریہ کے سربرہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے کمانڈر عراقی بحریہ لیفٹیننٹ جنرل احمد جاسم معارج عبداللہ الزید نے ملاقات کی،دونوں ممالک کی بحری افواج کے سربراہان نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر عراقی بحریہ لیفٹیننٹ جنرل احمد جاسم معارج عبداللہ الزید نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا ۔نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔کمانڈر عراقی بحریہ کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔

معزز مہمان کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں اور استعدادکار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔کمانڈر عراقی بحریہ نے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ کمانڈرعراقی بحریہ کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔