قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ودیگر کی ملا تیں،درپیش مسائل بارے تبادلہ خیال کیا
قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ودیگر کی ملا تیں،درپیش مسائل بارے تبادلہ خیال کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس سینیٹر ناصر بٹ، کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے جہانزیب ناصر، راؤ امانت علی، پارلیمنٹیرینز، قبائلی عمائدین، صحافیوں، وکلا، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن میں قومی ترقی، عوامی فلاح و بہبود، نوجوانوں کو مثبت مواقع کی فراہمی اور معاشرے کو درپیش مختلف مسائل بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعرات کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقاتوں کے دوران قائم مقام چیئرمین نے قومی ترقی، استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام طبقات کے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ سینیٹر ناصر بٹ سے ملاقات کے دوران عوامی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر قانون سازی، پارلیمانی امور اور سرکاری ملازمین کی رہائش سے متعلق معاملات زیر بحث آئے۔ سیدال خان ناصر نے کہا کہ قانون سازی کا بنیادی مقصد عوامی ضروریات کو پورا کرنا اور عام شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہونا چاہیے، قوانین پر مؤثر عملدرآمد بھی ناگزیر ہے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے جہانزیب ناصر اور ان کے وفد سے ملاقات میں بلوچستان کو درپیش مسائل بالخصوص پانی، صحت، تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
سیدال خان ناصر نے یقین دلایا کہ متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں بلوچستان کے مختلف شعبوں میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی اور وہ جلد صوبے کا دورہ بھی کریں گے، جہاں عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے حوالے سے اہم اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔ راؤ امانت علی سے ملاقات کے دوران ملک میں کھیلوں کے فروغ اور ترقی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کھیلوں کے شعبے کی بہتری اور کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے راؤ امانت علی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیل صحت مند معاشرے کے قیام، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔ میڈیا ٹیم سے ملاقات کے دوران قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے صحافیوں کو درپیش مسائل اور تحفظات سنے اور ان کے پیشہ ورانہ کردار کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافت معاشرے میں مستند اور حقائق پر مبنی معلومات کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے، صحافیوں کو ذمہ دارانہ صحافت کے ذریعے عوام کو درست معلومات فراہم کرنے اور قومی ترقی کے عمل میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سیدال خان ناصر نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، انہیں معیاری تعلیم، جدید مہارتوں اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لاکر انہیں ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔ انہوں نے نوجوانوں کے ساتھ بامقصد مکالمے اور ان کی مثبت و تعمیری شمولیت کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی تمام قومی طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ قومی مفاد کو سیاسی وابستگیوں اور ذاتی مفادات پر ترجیح دیتے ہوئے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور عوامی مسائل کے پائیدار حل کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان مؤثر رابطہ، باہمی تعاون اور مثبت مکالمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹیرینز، قبائلی عمائدین، صحافیوں، وکلا، سول سوسائٹی اور معاشرے کے دیگر طبقات کو قومی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کا حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی، جمہوری اقدار کا استحکام اور معاشرے کے تمام طبقات کی مؤثر شمولیت ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ اتحاد، اتفاق، باہمی تعاون اور قومی مفاد کو مقدم رکھنے سے ہی ممکن ہے، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے تمام طبقات کو مشترکہ قومی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔







