سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا وفاقی محتسب دفتر کا دورہ

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا وفاقی محتسب دفتر کا دورہ

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمعرات کو وفاقی محتسب کے دفتر کا دورہ کیا۔ وفاقی محتسب آمد پر جسٹس نوید کامران بلوچ اور اعلی افسران نے سپیکر قومی اسمبلی کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران سردار ایاز صادق نے وفاقی محتسب میں قائم جسٹس (ر) سردار محمد اقبال میموریل لائبریری کا افتتاح کیا۔ لائبریری سابق وفاقی محتسب جسٹس ریٹائرڈ محمد اقبال کے نام سے منسوب ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جسٹس (ر) سردار محمد اقبال میموریل لائبریری کے قیام کے اقدام کو سراہا اور جسٹس (ر) سردار محمد اقبال کی عدالتی اور انصاف کی فراہمی کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ایاز صادق نے کہا کہ جسٹس (ر) سردار محمد اقبال ایک بااصول، غیر جانبدار اور صاحب بصیرت شخصیت تھے۔بطور وفاقی محتسب انہوں نے عوام کو فوری اور شفاف انصاف کی فراہمی کے لیے قابلِ قدر خدمات سر انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر) سردار محمد اقبال کی آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی لیے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم جسٹس (ر) سردار محمد اقبال کے نام سے لائبریری کا قیام ان کی علمی، قانونی اور قومی خدمات کا اعتراف ہے، لائبریری کا قیام قانون اور انصاف کے شعبے سے وابستہ افراد، محققین اور طلبہ کے لیے علمی و تحقیقی معاونت کا باعث ہوگا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جسٹس (ر) سردار محمد اقبال کی اصول پسندی، دیانت داری اور عوامی خدمت کا جذبہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔

محترم ریما ایاز صادق نے جسٹس سردار محمد اقبال مرحوم کے نام سے منسوب لائبریری کے قیام پر وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں مرحوم جسٹس ریٹائرڈ محمد اقبال مرحوم کی صاحبزدی و اسپیکر قومی اسمبلی سردار کی اہلیہ محترمہ ریما ایاز صادق، وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلی افسران، علمی اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔

مزید خبریں