ریکو ڈک منصوبہ،بین الاقوامی تربیت مکمل کرنے والے بلوچستان کے 18 نوجوان انجینئرز وطن واپس پہنچ گئے
ریکو ڈک منصوبہ،بین الاقوامی تربیت مکمل کرنے والے بلوچستان کے 18 نوجوان انجینئرز وطن واپس پہنچ گئے

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 19 نومبر (اے پی پی):ریکو ڈک مائننگ کمپنی کے انٹرنیشنل گریجویٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کے دوسرے بیچ میں شامل بلوچستان کے 18 نوجوان انجینئرز نے ارجنٹائن اور زیمبیا میں بین الاقوامی تربیت مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ نوجوان انجینئرز نے بیرک کی عالمی معیار کی کان کنی کی تنصیبات میں حاصل ہونے والے عملی تجربات اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آگاہ کیا اور ریکو ڈک منصوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا آر ڈی ایم سی کے کنٹری منیجر ضرار جمالی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے نوجوان انجینئرز کی کامیابی کو سراہا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صوبے کا روشن مستقبل اور ترقی کے حقیقی معمار ہیں۔ بین الاقوامی معیار کی تربیت اور جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ ہوکر وطن واپس آنے والے یہ نوجوان ریکو ڈک منصوبے سمیت بلوچستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں کی کامیابی اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ اگر باصلاحیت نوجوانوں کو مناسب مواقع اور معاونت فراہم کی جائے تو وہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مقامی نوجوانوں کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے اور انہیں بین الاقوامی تجربات سے روشناس کرانے کے لیے آر ڈی ایم سی اور اس کی آپریٹر کمپنی بیرک کی سرمایہ کاری اور اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی افرادی قوت کو عالمی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کرنا بلوچستان کی طویل مدتی معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور صنعتی استعداد میں اضافے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔اس موقع پر آر ڈی ایم سی کے کنٹری منیجر ضرار جمالی نے کہا کہ کمپنی ریکو ڈک منصوبے کی پائیدار ترقی کو مقامی آبادی کی ترقی اور نوجوانوں کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے سے منسلک سمجھتی ہے۔
انٹرنیشنل گریجویٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعے بلوچستان کے نوجوان انجینئرز کو عالمی معیار کی تکنیکی تربیت اور بین الاقوامی عملی تجربات فراہم کیے جا رہے ہیں، تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کو آگے بڑھانے کے ساتھ صوبے کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کرسکیں کنٹری مینیجر کے مطابق ان 18 نوجوان انجینئرز کا انتخاب 2024 میں بلوچستان بھر سے موصول ہونے والی تین ہزار سے زائد درخواستوں میں سے سخت اور شفاف میرٹ پر مبنی انتخابی عمل کے ذریعے کیا گیا تھا۔ اس گروپ میں چار خواتین انجینئرز بھی شامل ہیں، جو کان کنی کی صنعت میں خواتین کی شمولیت اور پیشہ ورانہ تنوع کے فروغ کی عکاسی کرتی ہیں۔ منتخب نوجوانوں کا تعلق بلوچستان کے مختلف اضلاع چاغی، کوئٹہ، گوادر، پنجگور، خضدار، لورالائی، نوشکی، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ اور ژوب سے ہے۔







