کولمبو ۔15فروری (اے پی پی):آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سب سے بڑے مقابلے میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گی اور تازہ موسمی صورتِ حال نے شائقین کے خدشات بڑی حد تک کم کر دیے ہیں۔ ابتدائی اندازوں میں میچ کے دوران بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی تاہم اب اطلاعات ہیں کہ بارش کے امکانات بتدریج کم ہو رہے …
پاک بھارت میچ کے دوران بارش کے امکانات بتدریج کم ہونے لگے

مزید خبریں
کولمبو ۔15فروری (اے پی پی):آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سب سے بڑے مقابلے میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گی اور تازہ موسمی صورتِ حال نے شائقین کے خدشات بڑی حد تک کم کر دیے ہیں۔ ابتدائی اندازوں میں میچ کے دوران بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی تاہم اب اطلاعات ہیں کہ بارش کے امکانات بتدریج کم ہو رہے ہیں جس کے باعث مکمل مقابلے کی امید بڑھ گئی ہے۔
یہ اہم مقابلہ کولمبو کے معروف میدان پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں صبح کے وقت بادلوں نے ڈیرے ڈالے رکھے۔ سری لنکا کے محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، لیکن میچ کے اوقات میں موسلا دھار یا طوفانی بارش کی توقع نہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ہلکی پھوار بھی ہوئی تو میدان کی جدید نکاسی آب کا نظام کھیل کو جلد بحال کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔موسمی خدشات میں کمی کی خبر سامنے آتے ہی شائقین کرکٹ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اسٹیڈیم کے اطراف اور شہر کے مختلف علاقوں میں موجود مداح پُرامید ہیں کہ انہیں ایک سنسنی خیز اور مکمل مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کو ہمیشہ غیر معمولی اہمیت حاصل ہوتی ہے اور دنیا بھر کے ناظرین کی نظریں اس ٹاکرے پر جمی ہوتی ہیں۔
گزشتہ روز قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بارش انسان کے اختیار میں نہیں، تاہم ٹیم ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بارش کے باعث اوورز میں کمی بھی کی گئی تو اس کے مطابق حکمت عملی ترتیب دی جا چکی ہے اور کھلاڑی ذہنی طور پر ہر چیلنج کے لیے تیار ہیں۔تازہ موسمی پیش گوئی نے اس بڑے مقابلے کے گرد چھائے خدشات کو خاصی حد تک کم کر دیا ہے، جس کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ آج شائقین کرکٹ کو ایک بھرپور اور یادگار مقابلہ دیکھنے کا موقع ملے گا۔








