پاک بھارت ڈیوس کپ کے فیصلے سے متعلق آئی ٹی ایف کو نظرثانی کی اپیل کریں گے، سلیم سیف اللہ

اسلام آباد ۔ 5 نومبر (اے پی پی) پاکستان ڈیوس کپ ٹائی سے متعلق فیصلہ پر نظرثانی کیلئے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کو اپیل کرے گا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اﷲ خان نے ''اے پی پی'' سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے 14 اور 15 ستمبر کو شیڈول کے مطابق بھارت کے ساتھ ڈیوس کپ ٹائی کھیلنا تھا اور یہ ٹورنامنٹ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام …

اسلام آباد ۔ 5 نومبر (اے پی پی) پاکستان ڈیوس کپ ٹائی سے متعلق فیصلہ پر نظرثانی کیلئے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کو اپیل کرے گا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اﷲ خان نے ”اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے 14 اور 15 ستمبر کو شیڈول کے مطابق بھارت کے ساتھ ڈیوس کپ ٹائی کھیلنا تھا اور یہ ٹورنامنٹ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شیڈول تھا مگر آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کی درخواست پر ڈیوس کپ ٹائی 29 اور 30 نومبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مقابلے متبادل جگہ پر منعقد کئے جائیں گے۔ سلیم سیف اﷲ خان نے کہا کہ ہمارے پاس دیگر آپشنز بھی موجود ہیں اور اس پر کام جاری ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بھارت کو ہرانے کیلئے بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم (آج) بدھ کو تحریری طور پر آئی ٹی ایف کو درخواست دیں گے کہ ٹائی کیلئے جگہ تبدیل نہ کی جائے اور ہمیں امید ہے کہ یہ مقابلے اسلام آباد میں ہی منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اعصام الحق اور عقیل خان گراس کورٹ پر حریف کو ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور انہیں ہوم کرائوڈ کا بھی فائدہ حاصل ہے، بھارت یہ بھی جانتا ہے کہ پاکستان بھارت کو شکست سے دوچار کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے دھرنے نے آئی ٹی ایف کو جگہ تبدیل کرنے کا موقع دیا۔ سلیم سیف اﷲ خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن صرف اپنے مفادات کا سوچتے ہیں، جمہوری ممالک میں احتجاج ہوتے رہتے ہیں، انہیں امید ہے کہ ڈیوس کپ پاکستان میں ہی منعقد ہو گا اور یہ ہمارا حق ہے اور اس حق کو استعمال کریں گے۔