پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا سوات کے علاقوں مینگورہ ‘کانجو اور خوازہ خیلہ کا دورہ

راولپنڈی ۔ 11 نومبر (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے سوات کے علاقوں مینگورہ ‘کانجو اور خوازہ خیلہ کا دورہ کیا‘ دورے کے دوران جنرل راحیل شریف نے وزیراعلی اور گورنر خیبر پختونخوا کے ہمراہ سوات کینٹونمنٹ کا سنگ بنیاد رکھا ‘خطے میں پائیدار امن کےلئے اہلیان علاقہ کی بڑی تعداد کے مطالبے پر 8ستمبر 2015ءکو سوات کینٹونمنٹ کی منظوری دی گئی تھی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوات کے غیور عوام کو خراج تحسین پیش کیا جو دہشت گردوں کے خلاف وادی سوا ت میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ سوات کے عوام کو اس تاریخی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ سیکورٹی فورسز وادی سوات کو ہمیشہ کیلئے دہشت گردوں سے پاک رکھنے ‘ پائیدار امن اور سلامتی کے قیام کےلئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔