راولپنڈی ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر ظلم ہمارے صبر کی آزمائش ہے، پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا، بھارتی اقدامات سے خطے میں جنگ اوربدامنی کے بادل چھائے ہوئے ہیں،کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ دنیا کے لیے ایک مثال …
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا جی ایچ کیو میں یوم دفاع و شہداءکی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
راولپنڈی ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر ظلم ہمارے صبر کی آزمائش ہے، پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا، بھارتی اقدامات سے خطے میں جنگ اوربدامنی کے بادل چھائے ہوئے ہیں،کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ دنیا کے لیے ایک مثال ہے، جب تک وطن کے جاں نثار موجود ہیں کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، آخری سانس، آخری فوجی اور آخری گولی تک لڑیں گے۔ وہ جمعہ کو جی ایچ کیو میں یوم دفاع و شہداءکی مرکزی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانا بجا کر کیا گیا جس کے بعد بگل بجا کر شہداء کو سلام پیش کیا گیا، پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں 1965ءکی جنگ کے حوالے سے دکھائی گئی دستاویزی فلم میں دشمن کو دی گئی عبرت ناک شکست کی کہانی بیان کی گئی۔ ڈاکیومنٹری میں شہدا کے اہلخانہ کے تاثرات بھی پیش کئے گئے جس نے تقریب کے شرکاءکی آنکھیں نم کردیں۔ یوم دفاع و شہداءکی تقریب میں شہداء کے لواحقین خصوصی طور پر مدعو تھے۔ یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں غیر ملکی سفرائ، حکومتی ارکان اور اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پوری قوم شہداءکو سلام پیش کرتی ہے، شہید ہماری پہچان ہیں، اپنے شہیدوں کے خاندانوں کا حوصلہ دیکھ کر میرا اعتماد بڑھا ہے، جب بھی ضرورت پڑی بیٹوں نے لبیک کہا، شہداءنے اپنا کل ہمارے آج کے لئے قربان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے بقاءپاکستان کا سفر شہداءکی عظیم قربانیوں سے سجا ہوا ہے، پورے یقین سے کہہ رہا ہوں کہ ہمارے شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔







