پاک چین آرٹ فیسٹیول کا شاندار انعقاد، 75 سالہ سفارتی تعلقات کا جشن منایا گیا
پاک چین آرٹ فیسٹیول کا شاندار انعقاد، 75 سالہ سفارتی تعلقات کا جشن منایا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر گزشتہ روز چین پاکستان آرٹ فیسٹیول کا نہایت شاندار اور پروقار انعقاد کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے فنکاروں نے موسیقی، رقص اور روایتی سازوں کے ذریعے پاک چین دوستی کے لازوال رشتے کو خوبصورت انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔اس آرٹ فیسٹیول کی مہمانِ خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن فرح ناز اکبر تھیں ۔ پاکستان میں چینی سفارت خانے کے ثقافتی قونصلر چن پھنگ نے فیسٹیول میں بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی ۔
اس موقع پر دانشوروں ، فنکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔فیسٹیول میں موسیقی، رقص اور روایتی سازوں کے ذریعے پاک۔چین دوستی کے مختلف رنگوں کو خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیا۔ دونوں ممالک کے فنکاروں نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے محبت، اعتماد، ثقافتی ہم آہنگی اور عوامی قربت کے جذبات کو نمایاں کیاجبکہ چینی اور پاکستانی موسیقی، روایتی رقص اور سازوں کے حسین امتزاج نے شاہراہِ ریشم کی تہذیبی اساس کو نمایاں کرتے ہوئے امن، دوستی اور عالمی ہم آہنگی کا پُراثر پیغام پیش کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فرح ناز اکبر نے کہا کہ چین پاکستان آرٹ فیسٹیول صرف ایک ثقافتی تقریب نہیں بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان پچھتر برسوں پر محیط لازوال دوستی، باہمی اعتماد اور احترام کا خوبصورت جشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات صرف سفارتی یا حکومتی سطح تک محدود نہیں بلکہ یہ عوامی روابط، ثقافتی ہم آہنگی اور مشترکہ ترقی کے وژن پر استوار ہیں۔
چینی سفارتخانے کے ثقافتی قونصلر چن پھنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سالِ رواں چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی پچھترویں سالگرہ کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کا سال بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی روابط اور فنونِ لطیفہ دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
آرٹ فیسٹیول کا یادگار لمحہ سی ایم جی کی خصوصی میوزیکل پیشکش ’’دھڑکن‘‘ تھاجس نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان جذباتی وابستگی، محبت اور لازوال دوستی کو نہایت مؤثر اور خوبصورت انداز میں پیش کیاجس نے پاک۔چین دوستی کے مضبوط اور تاریخی رشتے کو ایک نئی تقویت دی ۔آرٹ فیسٹیول کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہر آزمائش میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھری ہے اور مستقبل میں بھی یہ رشتہ محبت، اعتماد، تعاون اور مشترکہ ترقی کی نئی منزلیں طے کرتا رہے گا۔








