پاک ڈیٹا کام لمیٹڈ کے سیٹلائٹ بینڈوڈتھ کے استعمال میں ایک سال کے دوران 8 فیصد اضافہ کیا،ترجمان

پاک ڈیٹا کام لمیٹڈ (پی ڈی ایل )کے سیٹلائٹ بینڈوڈتھ کے استعمال میں ایک سال کے دوران8 گنا اضافہ ہواہے، جو ملک بھر میں مستحکم، محفوظ اور اعلیٰ صلاحیت والی مواصلاتی خدمات کی بڑھتی ہوئی مانگ کی عکاسی کرتا ہے

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):پاک ڈیٹا کام لمیٹڈ (پی ڈی ایل )کے سیٹلائٹ بینڈوڈتھ کے استعمال میں ایک سال کے دوران8 گنا اضافہ ہواہے، جو ملک بھر میں مستحکم، محفوظ اور اعلیٰ صلاحیت والی مواصلاتی خدمات کی بڑھتی ہوئی مانگ کی عکاسی کرتا ہے۔کمپنی اس وقت تقریباً 550 بڑی سرکاری، مالیاتی اور کارپوریٹ تنظیموں کو بلاتعطل سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی فراہم کر رہی ہے۔کمپنی کے ترجمان کے مطابق بڑھتی ہوئی مانگ نے ہائی تھرو پٹ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، اضافی بینڈوڈتھ اور متعدد سیٹلائٹ پلیٹ فارمز کے ذریعے پی ڈی ایل کے سیٹلائٹ نیٹ ورک کی جدید کاری کو تیز کر دیا ہے۔ PAKSAT-1R کی آپریشنل زندگی کے خا تمہ اور اس کی خدمات کے بند ہونے کے بعد، PDL HTS ٹیکنالوجی کی طرف منتقل ہو گیا کیونکہ MM1 پر مطلوبہ معیاری Ku-band کی گنجائش دستیاب نہیں تھی۔کمپنی نے Yahsat کے ساتھ اپنے انتظامات کو مزید وسعت دی ہے جو 2016 سے جاری ہے۔ترجمان نے کہا کہ Yahsat سروسز پاکستان میں کئی سالوں سے متعلقہ قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک کے تحت کام کر رہی ہے۔4 ہزار سے زیادہ Yahsat لنکس، جن میں ایک ہزار سے زیادہ سرکاری لنکس شامل ہیں، اس وقت پاکستان میں متعدد خدمات فراہم کرنے والوں کے ذریعے کام کر رہے ہیں۔پی ڈی ایل نے ایک ملٹی بینڈ اور ملٹی پلیٹ فارم حکمت عملی اپنائی ہے جس میں سی بینڈ، کیو بینڈ اور کا بینڈ شامل ہے، جس میں گاہک کی ضروریات کے مطابق پلیٹ فارمز کا استعمال کیا گیا ہے۔یہ حکمت عملی لیگیسی Ku-band انفراسٹرکچر کی حدود کو دور کرنے اور مزید توسیع پذیر کنیکٹوٹی فراہم کرنے میں مدد کر رہی ہے۔ترجمان کے مطابق پی ڈی ایل کے سیٹلائٹ نیٹ ورک میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (VPNs)، GRE ٹنلنگ، فائر والز، انکرپشن، تصدیق اور رسائی کنٹرول شامل ہیں تاکہ ریموٹ سائٹس اور کسٹمر نیٹ ورکس کے درمیان محفوظ کنیکٹیویٹی کو سپورٹ کیا جا سکے۔پی ڈی ایل نے چیلنجنگ جغرافیائی مقامات پر بھی اپنی سیٹلائٹ صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کیا ہے جس میں گلگت بلتستان میں خنجراب پاس پر دنیا کی بلند ترین ATM کے لیے کنیکٹیویٹی فراہم کرنا بھی شامل ہے، جو سطح سمندر سے تقریباً 15,396 فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور اسے گنیز ورلڈ ریکارڈ نے بھی تسلیم کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پی ڈی ایل سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اپنے فکسڈ لائن لائسنس کے حصول کے بعد، کمپنی نے پاکستان بھر میں کلیدی علاقوں میں اپنے فائبر انفراسٹرکچر کو وسعت دینے کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد روزگار کے نئے براہ راست اور بالواسطہ مواقع پیدا کرتے ہوئے تیز رفتار رابطے کو یقینی بنانا ہے۔کمپنی نے کہا ہے کہ نیٹ ورک کی جدید کاری اور انفراسٹرکچر کی توسیع ہمارے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور انتظامیہ کی نگرانی میں جاری ہے، جس میں سیٹلائٹ، فائبر اور دیگر جدید ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کے ذریعے محفوظ، قابل بھروسہ اور بلاتعطل رابطے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے