پاک کینیڈا تجارت کے فروغ کی کوششوں میں ٹورنٹو میں پاکستانی قونصلیٹ کے ساتھ ہرممکن تعاون کریںگے، ایس ایم منیر کی ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل جنرل سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 9 ستمبر (اے پی پی) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ اورٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے سابق سی ای او ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان ملکی معاشی استحکام، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری لانے سمیت دیگر اہم اقدامات کررہے ہیں، پاکستان کے تمام دوست ممالک کے ساتھ بہترین دوستانہ اور تجارتی تعلقات ہیں جبکہ کینیڈا …

اسلام آباد ۔ 9 ستمبر (اے پی پی) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ اورٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے سابق سی ای او ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان ملکی معاشی استحکام، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری لانے سمیت دیگر اہم اقدامات کررہے ہیں، پاکستان کے تمام دوست ممالک کے ساتھ بہترین دوستانہ اور تجارتی تعلقات ہیں جبکہ کینیڈا پاکستان کا بہترین تجارتی پارٹنر بن چکا ہے۔ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تجارت کیلئے مزید کوششیں کرنا ہوںگی اور باہمی تجارت کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں میںٹورنٹو میں پاکستانی قونصلیٹ کے ساتھ ہم ہرممکن تعاون کریںگے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ٹورنٹو،کینیڈا میں پاکستانی قونصلیٹ کے دورہ کے موقع پر قونصل جنرل عبدالحمید سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر یو بی جی کینیڈا کے چیئرمین نوید بخاری اور پاکستان کے کمرشل قونصلر اظہر مرچنٹ بھی موجود تھے۔ ایس ایم منیر نے قونصلیٹ میں رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارتی تعلقات میں وسعت اور مزید بہتری کیلئے ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل جنر ل عبدالحمید دونوں ممالک کے بزنس مینوں کومزید قریب لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اگر دونوں ملکوں کے تجارتی وفود کو ایک دوسرے کے ممالک کے دورے میں آسانی مہیا کی جائے تو نہ صرف سرمایہ کار آگے بڑھیں گے بلکہ تجارتی نمائشوں کے ذریعہ دوطرفہ تجارت بھی بڑھے گی۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ ہم پاکستانی مصنوعات کی کینیڈین مارکیٹوں تک رسائی بڑھانے اورتجارت میں تیزی لانے کیلئے کام کررہے ہیں، انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مستقبل میں کینیڈا کے ساتھ سفارتی، تجارتی تعلقات مزید بڑھنے کے قوی امکانات ہیں۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی سفارتکاروں کی کارکردگی بے مثال ہے جو دوطرفہ تعلقات میں اضافہ کیلئے مثبت کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈین مارکیٹوں میں پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور پاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے جدید خطوط پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پرقونصل جنرل عبدالحمید نے کہا کہ قونصلیٹ کی کوشش ہے کہ پاکستان سے کینیڈا کو کی جامے والی برآمدات دوگنا ہوجائیں اور اس کیلئے ایس ایم منیر اور دیگر سرکردہ بزنس مین ہماری مدد کریں، ہم پاکستان کے نمایاں سرمایہ کاروں، بزنس مینز اور ایکسپورٹرز سے رابطے کررہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ہم پاکستانی مصنوعات کی کینیڈا میں سنگل کنٹری نمائش کا اہتمام کریں اور جیسے ہی کووڈ- 19 کی وبا کی صورتحال بہتر ہوگی دوطرفہ تجارت کے فروغ کی کوششیں تیز کی جائیں گی۔ ایس ایم منیر نے اس حوالہ سے پاکستانی قونصل جنرل کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

مزید خبریں